تل ابیب: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے سربراہ اور 7 اکتوبر کو اسرائیلی سرزمین پر حملے کے ماسٹر مائنڈ محمد ضیف کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس کی جانچ پڑتال کے بعد اس بات کی تصدیق کی جا سکتی ہے کہ حماس کے عسکری کمانڈر محمد ضیف 13 جولائی کو خان یونس میں ایک کمپاؤنڈ پر فضائی حملے میں زخمی ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گئے۔
صیہونی فوج کا کہنا ہے کہ محمد ضیف اسرائیلی سرزمین پر 7 اکتوبر کو ہونے والے حماس کے حملوں کے منصوبہ سازوں میں سب سے اہم تھے۔ ان حملوں میں ایک ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی اور شہری مارے گئے تھے۔
اسرائیلی فوج کے محمد ضیف کو فضائی حملے میں قتل کرنے کا اعلان تہران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے دوسرے روز کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں کل اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت پر فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر فواد شکر کو قتل کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو خان یونس کے المواسی پناہ گزین کیمپ کے ایک کمپاؤنڈ پر اسرائیلی فوج نے بمباری کی تھی جسے عرب میڈیا نے القسام کے کمانڈر محمد ضیف پر قاتلانہ حملہ قرار دیا تھا۔