کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگلی بار جب وزیراعظم یہاں آئیں تو انہیں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ کا دورہ کرائیں گے، ہم لاہور میں ایسے اسپتال بنانے کے لیے تیار ہیں جہاں لوگوں کو مفت علاج ملے۔
جناح اسپتال کراچی میں دو جدید وارڈز اور سائبر نائف کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے بہترین اسپتال سندھ میں موجود ہیں، کوئی بھی میڈیا ہو پاکستان کے خلاف منفی خبریں شائع کرتا ہے، صوبے کے تین بڑے اسپتال اس صوبے میں گڈ گورننس کا ثبوت ہیں، سندھ کے بارے میں مشہور کیا جاتا ہے کہ ہم کچھ کرتے ہی نہیں، ہم نے کوئی میگا پروجیکٹ نہیں بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں عوام کی خدمت کررہی ہے، ہم دعوے نہیں کرتے بلکہ کام بھی کرتے ہیں، پورے پاکستان میں سائبر نائف سرجری کی ایک ہی مشین ہے جو جناح اسپتال میں ہے، دنیا بھر میں یہ مہنگا ترین علاج ہے ایک ٹریٹمنٹ پر ایک لاکھ ڈالر خرچ ہوتے ہیں، پیشنٹ ایڈ فاونڈیشن اور سندھ حکومت نے مل کر آج تیسری سائبر نائف سرجری مشین متعارف کرائی ہے جوکہ مفت علاج ہے پاکستان کے شہریوں کے لیے۔
بلاول نے کہا کہ تمام صوبوں میں ’’پیٹ اسکین‘‘ بھی پیسوں کے عوض ہے جبکہ یہاں یہ بھی مفت ہے، جے پی ایم سی کے صرف کینسر کے شعبے میں دنیا کے پندرہ ممالک اور پاکستان کے 167 شہروں سے لوگ علاج کرانے آتے ہیں۔
انہوں ںے وزیراعلیٰ سے کہا کہ اگلی بار جب وزیراعظم یہاں آئیں تو انہیں جناح اسپتال، این آئی سی وی ڈی، این آئی سی ایچ کا دورہ کرائیں، پھر ہم ان سے درخواست کریں گے کہ صوبہ پنجاب میں ہم ایسے اسپتال بنانے کے لیے تیار ہیں جبکہ بلوچستان میں ہم خود کوشش کررہے ہیں، ہم چاہتے ہیں لاہور میں بھی ایسے اسپتال بنیں اور لوگوں کو مفت علاج ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اور بلوچستان میں بھی این آئی سی ایچ بنانے کی کوشش کررہے ہیں، پنجاب کی مدد کیلیے ہم وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو کو بھیجنے کیلئے تیار ہیں، تاکہ لاہور میں بھی کراچی کے اسپتالوں جیسی مفت علاج کی سہولیات ہوں۔