بین الاقوامی شہرت رکھنے والی امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ نے سپر اسٹار ریانا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی امیر ترین خاتون گلوکارہ کا اعزاز حاصل کرلیا۔
فوربس کی رپورٹ کے مطابق مداحوں کو اپنی گائیکی کے جنون میں مبتلا کرنے والی ٹیلر سوئفٹ اب دنیا کی سب سے امیر ترین خاتون گلوکارہ ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ کی مجموعی دولت ایک ارب 60 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی ہے جو کہ پاپ اسٹار ریانا کی مجموعی ایک ارب 40 کروڑ ڈالر کی دولت سے سے تقریباً20 کروڑ ڈالر زیادہ ہے۔
ٹیلر سوئفٹ نے موسیقی کے شعبے سے منسلک اپنے دیگر ساتھیوں کی طرح جو منافع بخش برانڈ پارٹنرشپ پر انحصار کیا بلکہ بنیادی طور پر اپنے میوزک کیریئر کے ذریعے یہ دولت بنائی ہے۔
وہ پہلی گلوکارہ ہیں جنہوں نے اپنی میوزیکل کامیابیوں کے ذریعے ارب پتی ہونے کااعزاز حاصل کیا۔
خیال رہے کہ گلوکارہ ریانا نے 2016 کے ‘اینٹی’ کے بعد سے کوئی اسٹوڈیو البم ریلیز نہیں کیا لیکن 2017 میں شروع کردہ ان کا کاسمیٹکس برانڈ فینٹی بیوٹی اُن کی دولت میں اضافے کا سبب بنا۔
فوربز نےٹیلر سوئفٹ کے حالیہ بلاک بسٹر ‘ایراز ٹوور’ کی تاریخی کامیابی کے بعد ان کی موجودہ مالی حیثیت کے حوالے سے اپ ڈیٹ فراہم کرنے سے قبل تمام معلومات کی تصدیق کی ہے۔
رپورٹ مطابق ٹیلر سوئفٹ کو 60 کروڑ ڈالرز ٹوور کی آمدنی اور رائلٹی سے ملتے ہیں جبکہ مزید 60 کروڑ ڈالرز ان کی میوزک لائبریری سے آتے ہیں اور 12.5 کروڑ ڈالرز وہ رئیل اسٹیٹ میں کی گئی سرمایہ کاری سے حاصل کرتی ہیں۔
اس کے علاوہ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ٹیلر سوئفٹ نے 2023 میں اسپاٹیفائی اسٹریمنگ سے 10 کروڑ ڈالرز کی رائلٹی اپنے اکاؤنٹ میں وصول کی تھی۔
اپنے پہلے کام کی ملکیت دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش میں ٹیلر سوئفٹ نے 2021 میں اپنے پہلے چھ البمز کی دوبارہ ریکارڈنگ شروع کی تھی اب وہ 18 اکتوبر کو میامی سے اپنا ایرا ٹور دوبارہ شروع کریں گی۔