اسلام آباد(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باﺅلر اور راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے کہا ہے کہ ملکی کرکٹ، ٹیم کیلئے سچائی، دیانت اور بے لوث کھیل پر میرے نزدیک یونس خان کو یونیک خان کا نام دینا چاہیے۔ یونس خان نوجوان کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔اپنے ایک انٹرویو میں سابق فاسٹ باﺅلر نے کہا کہ یونس خان کی ملکی کرکٹ کیلئے گراں قدر خدمات ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، یونس خان نے ہمیشہ شاندار کھیل پیش کر کے انٹرنیشنل سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا اور ہم سب کو ان کے کارناموں پر فخر ہے۔انہوں نے یونس خان کی عظمت کو سلام پیش کیا اور کہا کہ عظیم بلے باز کو ایک بے لوث شخصیت اور اچھے اخلاق پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان نوجوان کھلاڑیوں کیلئے رول ماڈل ہیں انہیں چاہیے کہ وہ بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اچھا کھیل پیش کر کے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کریں۔