تازہ تر ین

رتن ٹاٹا کی وصیت میں کتے سے لیکر ملازمین تک کا حصہ

معروف بھارتی بزنس مین رتن ٹاٹا 9 اکتوبر 2024 کو انتقال کر گئے تھے جس کا غم اب تک ہندوستانی فضاؤں میں محسوس کیا جارہا ہے، جس طرح سے انہوں نے اپنے ملک اور اس کے لوگوں کی دیکھ بھال کی وہ تاریخ کا حصہ بن گیا ہے۔

ٹاٹا انڈسٹریز کو بھارت کی ترقی میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھا گیا اور اسی لیے ٹاٹا ٹرسٹ کے نئے مقرر کردہ چیئرمین نوئل ٹاٹا سے بھی لوگوں کی بہت امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ اپنے خاندان کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ نوئل ٹاٹا رتن ٹاٹا کے والد، نیول ایچ ٹاٹا کی سائمن ٹاٹا کے ساتھ ہوئی دوسری شادی سے پیدا ہونے والے بیٹے ہیں۔

رتن ٹاٹا کی 86 سال کی عمر میں موت کے بعد ان کے سوتیلے بھائی نوئل نے ٹاٹا ٹرسٹ کو سنبھالا جنہیں صنعت کے بیشتر ماہرین کی حمایت حاصل ہے۔

ایک بار پھر آنجہانی ارب پتی بزنس ٹائیکون سرخیوں میں ہیں جب یہ رپورٹس سامنے آئیں کہ رتن ٹاٹا نے ایک اندازے کے مطابق 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کی جائیداد چھوڑی ہے۔

رتن ٹاٹا جانوروں سے بہت محبت کیا کرتے تھے، بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق رتن ٹاٹا نے اپنی وصیت میں واضح طور پر بتایا کہ ان کے پیارے کتے ٹیٹو کی دیکھ بھال ان کا باورچی راجن شا کرے گا۔

رتن ٹاٹا نے تقریباً پانچ چھ سال پہلے جرمن شیفرڈ کو گود لیا تھا اور اسے ٹیٹو کا نام دیا تھا۔ ارب پتی نے اپنے کتے کی ‘لامحدود کیئر’ کی درخواست کی ہے اور اس کے لیے اپنے دیرینہ باورچی راجن شا پر اپنا اعتماد ظاہر کیا تھا جسے ان کی دولت میں سے ایک حصہ بھی ملے گا۔

رتن ٹاٹا کی وصیت میں اگلا نام جس نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچا دی ہے وہ ہے ان کے بٹلر کا، جس کا نام سبیہ ہے، سبیہ نے رتن ٹاٹا کے ساتھ تین دہائیوں تک کام کیا اور ارب پتی کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھا۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ رتن ٹاٹا سبیہ کے لیے ڈیزائنر کپڑے خریدتے تھے کیونکہ وہ ہمیشہ ان کا خیال رکھتے تھے اور ان کے ساتھ خاندانی فرد کی طرح برتاؤ کرتے تھے۔

اپنے پیارے کتے، باورچی اور بٹلر کے علاوہ، رتن ٹاٹا نے اپنے سوتیلے بہن بھائیوں، نوئل ٹاٹا، شیرین، اور ڈیانا جیجیبھائے کے نام بھی وصیت چھوڑی ہے۔ یہی نہیں رتن ٹاٹا نے اپنی وصیت میں اپنے حقیقی بھائی جمی ٹاٹا کا نام بھی ذکر کیا ہے۔

جب رتن ٹاٹا کا انتقال ہوا تو سب کی نظریں ان کے نوجوان معاون شانتنو نائیڈو کے مستقبل پر تھیں، لوگ پریشان تھے کہ ٹاٹا ٹرسٹ میں ان کی پوزیشن متاثر ہوگی یا نہیں لیکن کچھ بھی نہیں بدلا اور شانتنو اب بھی ٹاٹا ٹرسٹ کے جی ایم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

رتن ٹاٹا نے اپنی وصیت میں واضح طور پر کہا کہ ٹاٹا ٹرسٹس شانتو نائیڈو کے پروجیکٹ، گڈفیلوز کو تمام فوائد فراہم کرنا جاری رکھیں گے اور ان کے تعلیمی اخراجات کو بھی معاف کر دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ان کے اثاثوں میں علی باغ میں 2,000 مربع فٹ کا بیچ بنگلہ، ممبئی میں جوہو تارا روڈ پر ایک 2 منزلہ مکان، 350 کروڑ روپے سے زیادہ کے فکسڈ ڈپازٹ اور 165 ارب ڈالر کی ٹاٹا کی ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز میں 0.83 فیصد حصص شامل ہیں، جسے رتن ٹاٹا انڈومنٹ فاؤنڈیشن (آر ٹی ای ایف) کو منتقل کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ انہیں ملنے والے ایوارڈز اور اعترافات ٹاٹا سینٹرل آرکائیوز کو منتقل کیے جائیں گے، جہاں تک ان کی کاروں کی بات ہے تو رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹاٹا گروپ انہیں حاصل کرے گا یا اپنے پونے میوزیم میں نیلام کردے گا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain