خلا میں پھنسی ناسا کی خلاباز سنیتا ولیمز نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر رہتے ہوئے دیوالی منالی۔
سنیتا ولیمز کی خلا سے ریکارڈ کی گئی ایک دلچسپ ویڈیو وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب کے دوران چلائی گئی۔
ویڈیو پیغام میں سنیتا ولیمز نے زمین سے 260 میل اوپر دیوالی منانے کا اپنا منفرد تجربہ شیئر کرتے ہوئے دنیا بھر میں یہ تہوار منانے والوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
سنیتا ولیمز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن کی جانب سے دیوالی کی مبارکباد، میں وائٹ ہاؤس سمیت پوری دنیا میں دیوالی منانے والے ہر فرد کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہتی ہوں۔
انہوں نے امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کا دیوالی کے تہواروں میں شرکت اور بھارتی نژاد امریکی کمیونٹی کے امریکی معاشرے میں کردار کو تسلیم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
اپنے پیغام میں سنیتا ولیمز نے اپنے گھرانے میں روایات و ثقافت کی جڑیں مضبوط کرنے کے لیے اپنے والد کی کوششوں کے بارے میں بات کی اور بتایا کہ انکے والد نے انہیں دیوالی اور دیگر بھارتی تہواروں کے بارے میں کیا کچھ سکھایا۔
انہوں نے دیوالی کے تہوار کے ذریعے امید اور عزم کے فروغ کے پیغام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘دیوالی خوشی کا وقت ہے کیونکہ دنیا میں بہرحال اچھائی ہی غالب آتی ہے’۔
واضح رہے کہ سنیتا ولیمز اپنے ساتھی خلاباز بوچ ولمور کے ساتھ 6 جون 2023 سے خلائی اسٹیشن پر سوار ہیں، ابتداء میں اُن کا یہ مشن 8 سے 10 روز پر محیط تھا جوکہ بعدازاں پلان میں تبدیلی اور اسپیس کرافٹ میں خرابی کے باعث کئی ماہ پر محیط ہوگیا۔
خلا میں پھنسے ناسا کے اِن 2 خلابازوں کو اب فروری سنہ 2025 میں اسپیس ایکس کی خلائی گاڑی کے ذریعے زمین پر واپس لایا جائے گا۔