اسلام آباد انسداد دہشتگردی عدالت نے بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل کے گرفتار دو سابق ایم پی ایز کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
کیس کی سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کی، ملزمان اختر حسین لانگو اور شفیع محمد کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اے ٹی سی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید کی جانب سے 20 روز جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
پولیس اختر حسین لانگو اور شفیع محمد کو لے کر جوڈیشل کمپلیکس سے روانہ ہوگئی۔ اختر حسین لانگو اور شفیع محمد کی جانب سے سید پرویز ظہور، حافظ منور، ساجد ترین، آغا حسن اور امان اللہ کنرانی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت، وکیل سید پرویز ظہور نے کہا کہ نا ہی کوئی گواہ ہے اور نا ہی مدعی سامنے آیا ہے، پارلیمنٹ ہاوس میں کوئی بھی اسلحہ لے کر نہیں جا سکتا، پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ میں کوئی اسلحہ برآمد نہیں کیا گیا ہے۔
پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں یہ کیوں گھسے، اس کی تفتیش کرنی ہے، پارلیمنٹ ہاؤس ایک حساس بلڈنگ ہے وہاں یہ کیوں گئے۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ پولیس نے انسداد دہشت گردی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر رکھا ہے۔