بالی وڈ کے سپر اسٹار جوڑے دیپیکا پڈو کون اور رنویر سنگھ نے دیوالی کے موقع پر بیٹی کی پہلی تصویر شیئر کردی اور اس کا خوبصورت نام بھی بتادیا۔
خیال رہے کہ باجی راؤ مستانی کے اداکار دیپیکا اور رنویر سنگھ سال 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
شادی کے 6 سال بعد اس سپر اسٹار جوڑے کے ہاں 8 ستمبر بروز اتوار کو پہلی اولاد بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔
اس سے قبل اداکارہ دیپیکاپڈوکون اور رنویر سنگھ نے 29 فروری 2024 کو ایک مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے حمل کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ ہم ستمبر میں اپنے ہاں ننھے مہمان کا استقبال کرنے کے لیے تیار ہیں۔
بیٹی کی پیدائش سے پہلے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون بچے کی پیدائش کے بعد فلم انڈسٹری سے ایک طویل وقفہ لیں گی اور پھر سال 2025 سے فلم انڈسٹری میں دوبارہ کام شروع کریں گی۔
اداکارہ کی جانب سے کیے جانے والے اس فیصلے کا مقصد نومولود بچے کو اپنی تمام تر توجہ دینا ہے جس کے لیے وہ مکمل طور پر موجود رہنا چاہتی ہیں۔
ستمبر میں پیدائش کے بعد سے جوڑے نے اب تک اپنی بیٹی کی منہ دکھائی نہیں کی تھی نہ ہی اس کے نام کے حوالے سے کوئی معلومات فراہم کی تھیں۔
لیکن ان کی حالیہ پوسٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ شاید وہ اپنی ننھی پری کو مداحوں سے ملوانے کے لیے دیوالی کا ہی انتظار کررہے تھے۔
چنانچہ تقریباً 2 ماہ بعد انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے اپنی بیٹی کی سج دھج والی تصویر شیئر کردی ساتھ ہی اس کا خوبصورت نام بھی بتادیا۔
مذکورہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے بچی نے خوبصورت انڈین فراک اور پاجامہ پہن رکھا ہے جو گلابی اور سبز رنگ کی خوبصورت کڑھائی سے مزین ہے، تاہم تصویر میں بچی کے پاؤں تو نظر آرہے ہیں لیکن چہرہ چھپا ہوا ہے۔
پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ نے بچی کا نام انگریزی اور ہندی میں لکھا جو ‘دعا پڈوکون سنگھ’ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے نام کا مطلب بتاتے ہوئے لکھا کہ ‘دعا کے معنی ہیں ایک پریئر’ کیوں کہ یہ ہماری دعاؤں کا صلہ ہے۔
ساتھ ہی خوش قسمت والدین نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ہمارے دل محبت اور تشکر سے بھرے ہوئے ہیں، دیپیکا اور رنویر’۔
اداکارہ کی اس پوسٹ کے کمنٹس سیکشن میں مداح بچی کا نام جان کر بے انتہا خوش نظر آئے اور اس کے لیے نیک تمناؤں کے ڈھیر لگادیے۔