بالی ووڈ سیلیبریٹیز سے قریبی تعلق کے حوالے سے مشہور بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کو گولی مارنے والے شخص شیو کمار گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شیو کمار بابا صدیقی کے قتل کے بعد سے مفرور تھا اور اب نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم یوپی اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ممبئی کرائم برانچ کی مشترکہ کارروائی کے دوران پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔
ملزم نے بابا صدیقی کو قتل کرنے کے لیے 9.9 ایم ایم پستول کا استعمال کیا تھا اور 12 اکتوبر کو مہاراشٹر کے سابق وزیر پر باندرہ ایسٹ میں ان کے بیٹے ایم ایل اے ذیشان صدیق کے دفتر کی عمارت کے باہر کل 6 راؤنڈ فائر کیے تھے، بابا صدیقی کے قتل میں کُل 3 شوٹر ملوث تھے اور اب اِن سب کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
شیو کمار کے ساتھ 4 دیگر افراد کو بھی ملزم کو پناہ دینے اور نیپال فرار ہونے میں مدد کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
تفتیش کے دوران شیو کمار نے لارنس بشنوئی گینگ سے وابستہ ہونے کا اعتراف کیا، گینگ کے ایک رکن نے بابا صدیقی کو گولی مار کر قتل کرنے کے ایک دن بعد ان کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
پولیس نے شیو کمار کو کیسے پکڑا؟
بابا صدیقی کے قتل کے بعد شیو کمار مدھیا پردیش کے علاقے اومکاریشور میں بشنوئی گینگ کے کچھ ساتھیوں سے ملنے گیا تھا، ممبئی پولیس نے اسے اومکاریشور میں تلاش کیا لیکن اسے پکڑنے میں ناکام رہی۔
بعدازاں پولیس نے شیو کمار کے خاندان کے افراد اور ان کے قریبی ساتھیوں سمیت تقریباً 45 لوگوں کا سراغ لگایا اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنی شروع کردی۔
پولیس ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران انہوں نے ایسے 4 لوگوں کی نشاندہی کی جو شیو کمار کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے۔
شیو کمار کے گھر کے ساتھ والا مکان ہی اس کے لیے سیف ہاؤس بنا ہوا تھا، پولس نے اسی علاقے میں جال بچھایا اور ان چاروں ملزمان کی شیو کمار سے ملاقات کا انتظار کیا، بعدازاں پولیس نے شیو کمار اور اس کے چاروں ساتھیوں کو گزشتہ روز اتوار کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
انوراگ کشیپ، گیان پرکاش ترپاٹھی، آکاش سریواستو اور اکھلیشیندر پرتاپ سنگھ کو شیو کمار کو پناہ دینے اور نیپال فرار ہونے میں مدد کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے، اِس کیس میں پولیس اب تک کُل 20 کو گرفتار کر چکی ہے۔
شیو کمار نے بابا صدیقی کو بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے ساتھ قریبی تعلقات کی وجہ سے قتل کیا تھا جوکہ 20 سال قبل کالے ہرن کے مبینہ شکار کی وجہ سے بشنوئی گینگ کی ہِٹ لسٹ پر ہیں کیونکہ اِس گینگ کے نزدیک کالا ہرن مقدس مانا جاتا ہے۔