ڈی آئی خان کی یونین کونسل مورگا اور بحرین تحصیل درزندہ میں ایک بچے اور بچی کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈی آئی خان کی یونین کونسل مورگا اور بحرین تحصیل درزندہ کی رہائشی 18 ماہ کی بچی اور یونین کونسل بحرین کے 36 ماہ کے بچے کے ماحولیاتی نمونے پولیو وائرس سے آلودہ پائے گئے۔
دونوں متاثرہ بچوں کے ماحولیاتی نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بھیجے گئے تھے، جہاں ادارہ صحت نے 21 نومبر کو متاثرہ بچوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال ڈی آئی خان سے پولیو کا یہ پانچواں کیس ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں رواں سال لکی مروت میں پولیو کے 2 کیسز، ڈی آئی خان 5، ٹانک 2، جبکہ کوہاٹ، درہ آدم خیل، نوشہرہ، مہمند ایجنسی سے ایک ایک کیس رپورٹ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق رواں سال صوبہ سندھ میں پولیو کے 13 کیسز سامنے آئے، جبکہ صوبہ بلوچستان میں 24، خیبرپختوانخوا میں 13، اور پنجاب اور اسلام آباد میں ایک ایک پولیو کا کیس رپورٹ ہوا۔
پشاور میں پولیو کے حالیہ دو کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں 2024 میں پولیو کے متاثرہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 52 ہوگئی ہے۔