لاہور(اسپورٹس رپورٹر،محمد ذیشان نواز )باغِ جناح میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سلمان نے 43 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔
پاکستان بلائنڈ ٹیم نے 146 رنز کا ہدف 12.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ محمد صفدر نے 42 رنز، جبکہ نعمت اللہ نے 34 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ بابر علی، بدر منیر، محمد ادریس سلیم، اور محمد سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ پاکستان کی ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح ہے۔ اس سے قبل قومی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ پاکستان بلائنڈ ٹیم گروپ مرحلے میں کل نیپال کے خلاف میدان میں اترے گی۔
غنی انسٹیٹیوٹ میں کھیلے گئے میچ میں نیپال بلائنڈ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 11 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی دوسری فتح حاصل کی۔ نیپال نے پہلے کھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔ نریش چوہدری نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقہ بلائنڈ ٹیم 199 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنا سکی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے بھولے بھیڈلا نے 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، لیکن ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔
نیپال نے اس سے قبل افغانستان کو شکست دی تھی اور ایونٹ میں مسلسل فتوحات کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔