پشاور: پاراچنار میں علاج کی سہولیات نہ ملنے سے جاں بحق بچوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق پاراچنار میں ڈھائی ماہ سے راستوں کی بندش کے خلاف شہریوں کا دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔
تحصیل چیئرمین اپرکرم آغا مزمل کا کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باعث شہری خوراک و علاج سے محروم ہیں، علاج کی سہولیات نہ ملنے سے 100 سے زائد بچے دم توڑ چکے ہیں۔
دوسری جانب ڈی سی کرم کا کہنا ہے کہ علاقے میں قیام امن کیلئے آج گرینڈ جرگہ مذاکرات شروع کر رہاہے، مذاکراتی عمل کیلئے گرینڈ امن جرگہ ضلع کرم پہنچ گیا ہے
پارا چنار کی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے کراچی کی نمائش چورنگی اور لاہور پریس کلب پر بھی احتجاجی دھرنا دیا گیا۔
راستوں کی بندش کے حوالے سے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ پارا چنار روڈ کے لیے اسپیشل پولیس فورس کے قیام کی منظوری دی ہے، حکومتی اقدامات کا مقصد علاقے میں صدی پرانے تنازع کا پائیدار اور مستقل حل ہے۔