پاکستان شوبز انڈسٹری میں فنکاروں کی فہرست بہت طویل ہے، کئی فنکار ایسے آئے جنکا دور دور تک شوبز سے تعلق نہیں تھا لیکن اس کے باوجود نام کمایا، جبکہ کچھ فنکاروں نے اپنی شوبز فیملی سے تعلق ہونے کا فائدہ اٹھایا حالانکہ ان پر نیپوٹیزم کا الزام بھی لگا لیکن اسکے باوجود وہ اپنی فنی صلاحیتوں کے سبب بھی دھوم مچاتے نظر آئے۔
اسی کے ساتھ انڈسٹری میں کئی ورسٹائل فنکار ایسے بھی ہیں جنہوں نے اپنے کرئیر کا آغاز بطور ماڈل کیا لیکن اداکاری کے دنیا میں ایسا قدم رکھا کہ پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دکھا۔’
ویسے تو پاکستانی فیشن انڈسٹری کی بنیاد 90 کی دہائی کے آخر میں رکھی گئی تھی اور پچھلے تین دہائیوں میں اس نے زبردست ترقی کی ہے۔
اس انڈسٹری میں کئی لوگ آئے اور چھا گئے لیکن کئی فنکار ایسے بھی نکلے جنہوں نے اداکاری میں دھوم مچادی۔
تو آئیے بات کرتے ہیں ایسے ہی چند فنکاروں کی جنہوں نے ماڈلنگ کے بعد اداکاری سے اپنے فن کا لوہا منوایا، اس فہرست میں اعلیٰ ڈیزائنرز سے لے کر وہ ماڈلز تک شامل ہیں جو اداکاری میں قسمت آزماچکے ہیں۔
ایمان علی:
اس فہرست میں بات کریں پاکستانی فیشن کی سب سے بڑی شخصیات میں سے ایک نام اداکارہ و ماڈل ایمان علی کی تو انہوں نے نہ صرف فیشن انڈسٹری میں بطور سپر ماڈل حکومت کی بلکہ ساتھ ہی میوزک ویڈیوز میں بھی نظر آئیں۔
انکی شہرت کا یہی اختتام نہیں ہوا بلکہ ایمان علی نے ماڈلنگ کے بعد اداکاری کی دنیا میں قسمت آزمانےکا فیصلہ کیا اور فلم ’خدا کیلئے’ سے اداکاری کی دنیا میں شاندار ڈیبیو کیا۔
بس پھر کیا تھا یہی وہ وقت تھا جسکے بعد انہوں نے ہر کردار کو اس انداز سے نبھایا کہ ہر روپ ہر کردار میں انہیں خوب پزیرائی ملی۔
یہی وجہ ہے کہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ وہ فیشن آئیکن سے اداکارہ بننے والی سب سے بڑی شخصیات میں شمار ہوتی ہیں جنہوں نے اپنے بعد دیگر لوگوں کیلئے بھی راستہ ہموار کیا۔
سنیتا مارشل:
’بے بی باجی’ اور ’بے بی باجی کی بہوئیں’ میں اپنے کردار سے مشہور اداکارہ سنیتا مارشل بھی اس فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے فیشن کیساتھ ساتھ اداکاری کی دنیا میں بھی دھوم مچائی۔
مرکزی کرداروں سے لے کر معاون کرداروں تک، سنیتا مارشل نے اپنے کریئر میں دبنگ اداکاری سے یہ ثابت کیا کہ ایک ماڈل اگر اپنی مہارت پر کام کرے تو وہ ایک بہترین اداکارہ بن سکتی ہے۔
اگرچہ کہ وہ اب بھی فیشن کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں لیکن اداکاری میں بھی انہیں خوب پزیرائی ملتی ہے اور ہر کردار انکا دلوں میں ان مٹ نقش چھوڑنے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔
یوسف بشیر قریشی:
یوسف بشیر قریشی بھی پاکستانی فیشن کی ایک جانی مانی شخصیت ہیں، کیونکہ انکا شمار ایسے لوگوں کی فہرست میں ہوتا ہے جنہوں نے پاکستانی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے انتھک محنت کی۔
البتہ انکا سفر یہی ختم نہیں ہوا بلکہ یوسف بشیر قریشی نے اداکاری کی دنیا میں بھی اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا اور آج کل وہ گرین انٹرٹینمنٹ کے ڈراما سیریل ’دنیا پور ’ میں اپنے ہٹ کردار سے خوب داد وصول کر رہے ہیں۔
فرحان علی آغا:
ہینڈسم اداکار فرحان علی آغا بھی اسی فہرست میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے فیشن انڈسٹری میں بے پناہ محبت سمیٹنے کے بعد بطور اداکار شوبز کی دنیا میں بھی اپنے فن کا لوہا منوایا۔
اگرچہ کہ انہیں اکثر و بیشتر ایک والد کے کردار میں دیکھا جاتا ہے لیکن انہیں اس پوزیشن پر پہنچنے کیلئے بھی خوب محنت کرنی پڑی، یہی وجہ تھی کہ ماڈلنگ کے بعد اداکاری کا فیصلہ انکے کیلئے گڈ لک ثابت ہوا۔
ڈراما سیریل سنو چندا ہو یا یا مقدس، صدقے تمہارے ہو یا پھر یقین کا سفر فرحان علی آغا کو ہر کردار میں ناظرین کی جانب سے خوب داد موصول ہوئی۔
عفت عمر:
بے باک انداز اور بولڈ ڈریسنگ سینس سے مشہور پاکستانی اداکارہ اور ماڈل عفت عمر بھی اسی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے فیشن کی دنیا میں تہلکہ مچانے کے بعد اداکاری کے میدان میں بھی جلوے بکھیرے۔
عفت عمر کو ماڈلنگ کے بعد اداکاری کی دنیا میں جلوے بکھیرتے دیکھا گیا اگرچہ وہ اب ڈراموں میں شاذو نادر ہی نظر آتی ہیں لیکن سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں ۔
تاہم اب بھی مداح ڈراما آنگن، اے مشت خاک اور دور جیسے ڈراموں میں انکی اداکاری کو یاد کرتے ہیں۔
عماد عرفانی:
اداکاری کی دنیا کا ہر دلعزیز اداکار عماد عرفانی کا شمار اس فہرست میں نہ کیا جائے تو شاید یہ انکے ساتھ نا انصافی ہوگی۔عماد عرفانی ویسے تو فیشن کی دنیا کا ایک بڑا نام ہیں لیکن اب اداکاری کے سبب انکا خوب چرچہ ہے۔
انہوں نے بطور ماڈل اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور بعد میں اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا، بس پھر کیا تھا ایک کے بعد ایک کردار نے انہیں فرش سے عرش تک پہنچا دیا۔
انکے حالیہ ڈراما سیریل ’کبھی میں کبھی تم’ میں انہیں عدیل کے کردار سے خوب شہرت ملی جو انکے کیرئیر کا ایک ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی۔
حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی:
معروف فیشن ڈیزائنز حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی بھی بطور فیشن آئیکون اب اداکاری میں بھی قسمت آزما چکے ہیں۔
ایچ ایس وائی پاکستان کے بڑے ڈیزائنرز میں شمار ہوتے ہیں لیکن جب اداکاری کا جنون انکے سر چڑھ کر بولنے لگا تو انہوں نے ’پہلی سی محبت’ میں اداکاری کے میدان میں قدم رکھتے ہوئے اپنے کردار سے سب کو حیران کردیا۔
علاوہ ازیں وہ کئی فلموں کے ساتھ ایک ڈرامے میں بھی کام کرچکے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ انسان اگر کسی چیز کیلئے ارادہ کرلے تو کوئی بھی طاقت اسے کامیاب ہونے سے نہیں روک سکتیں۔