پاکستان میں شیڈول چیمپئینز ٹرافی کیلئے اسکواڈ میں قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب کے مستقبل کا فیصلہ اگلے ہفتے تک متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق نوجوان اوپنر صائم ایوب کی سرجری نہیں ہوگی تاہم ری ہیب میں مزید وقت لگ سکتا ہے جس کے باعث انکی چیمپئینز ٹرافی اسکواڈ میں شمولیت پر سوالیہ نشان تاحال برقرار ہے۔
سلیکشن کمیٹی نے صائم ایوب کے مکمل فٹ نہ ہونے کی صورت میں متبادل اوپنرز کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاون ٹیسٹ کے پہلے روز صائم ایوب کا فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں پاوں کا ٹخنہ مڑ گیا تھا، جس کے باعث وہ ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قاصر رہے تھے جبکہ انہیں ڈاکٹر نے ابتدائی تشخیص میں صائم ایوب کو چھ ہفتے کا آرام تجویز کیا تھا۔
لندن کے ڈاکٹرز کی رپورٹس میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ صائم ایوب کے آپریشن کی ضرورت نہیں، وہ ری ہیب پلان پر ہی مکمل عمل کرکے فٹنس پاسکتے ہیں تاہم انکی سلیکشن ڈاکٹرز کے مشورے سے مشروط ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے مجوزہ اسکواڈ میں ذرائع کے مطابق بابراعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، کامران غلام، طیب طاہر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث روف، ابرار احمد، سفیان مقیم، عرفان خان، فخر زمان، محمد حسنین، حسیب اللہ اور امام الحق کی شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے اپنی فہرست تیار کرلی ہے تاہم ٹیم کا اعلان صائم ایوب کی مکمل رپورٹس کا جائزہ لینے اور ڈاکٹر کی مشاورت سے ہوگا، جس کے بعد ناموں کو حتمی منظوری کیلئے بورڈ سربراہ محسن نقوی کے حوالے کیاجائے گا۔
چیمپئینز ٹرافی میں شامل 7 ٹیموں نے اپنے ناموں کا اعلان کردیا ہے صرف میزبان پاکستان ٹیم کا اعلان ہونا باقی ہے، آئی سی سی قوانین کے تحت 11 فروری تک اسکواڈ کو فائنل کیا جاسکتا ہے۔