نامور پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان نے معروف ٹک ٹاکر شاہ تاج خان کی جانب سے تعلق کے دعووں پر خاموشی توڑ دی۔
جنوری 2023ء میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی اور آل راؤنڈر شاداب خان نے ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق کی بیٹی سے نکاح کیا تھا، بعدازاں ستمبر 2024ء میں معروف ٹک ٹاکر شاہ تاج خان کیجانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ کرکٹر شاداب خان کے ساتھ ان کے 6 سے 7 ماہ تک تعلقات رہے، دونوں کے درمیان واٹس ایپ اور انسٹاگرام پر بات چیت ہوتی رہی ہے۔
شاہ تاج خان نے کیا دعویٰ کیا تھا؟
نجی ٹی وی چینل پر معروف ماڈل متھیرا کے شو ”گیم شو ایسے چلے گا” میں شرکت کے دوران شاہ تاج خان کا کہنا تھا کہ وہ شاداب خان پر فدا رہی ہیں، انہیں ان کی کرکٹ اچھی لگتی تھی، وہ ان کی اتنی بڑی مداح رہی ہیں کہ ان کی خاطر کرکٹ میچز دیکھنے لاہور تک گئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ انتہا کی حد تک شاداب خان کو چاہتی تھیں لیکن جب کرکٹر نے شادی کرلی تو ان کا دل ٹوٹ گیا۔
شاہ تاج خان کے مطابق جب کرکٹر کی شادی ہوگئی تو ایک دن انہوں نے اپنی سہیلیوں کے ساتھ گفتگو کے دوران شاداب خان پر اچانک شادی کرنے پر لعنت بھیجی، جس کی آڈیو وائرل ہوگئی اور کرکٹر کے مداحوں نے نہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے بتایا کہ چوں کہ وہ شاداب خان پر فدا تھیں اور انہوں نے اچانک شادی کرلی تو ان کا دل ٹوٹ گیا، اس لیے انہوں نے کرکٹر کے لیے نامناسب زبان استعمال کی تھی، جس پر کرکٹر کے مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
ان کے مطابق دونوں نے 6 سے 7 ماہ تک ایک دوسرے سے بات چیت کی اور کرکٹر ان کے ساتھ انسٹاگرام پر وینش موڈ میں میسیجز کا تبادلہ کرتے تھے۔
واضح رہے کہ ‘وینش موڈ انباکس’ میں اسکرین ریفریش ہونے پر پہلے والے میسیجز از خود غائب ہوجاتے ہیں۔
شاہ تاج خان نے دعویٰ کیا کہ ان کے اور شاداب خان کے درمیان باضابطہ طور پر بات چیت ہوتی تھی، دونوں کے درمیان اچھے روابط تھے لیکن اس باوجود کرکٹر نے انہیں شادی سے متعلق آگاہ نہیں کیا تھا۔
اُنکا کہنا تھا کہ وہ شاداب خان پر فدا تھیں، اس لیے انہیں لگتا تھا کہ کرکٹر کو انہیں شادی کا بتانا چاہیے تھا لیکن کرکٹر نے انہیں نہیں بتایا۔
شاہ تاج نے مزید کہا کہ شاداب خان کو اپنے آس پاس بھی نظر دوڑا لینی چاہیے تھی، ہو سکتا ہے کوئی اور بھی ان سے شادی کرنا چاہتا ہو۔
حال ہی میں شاداب خان نے نجی ٹی وی چینل کے مزاحیہ پروگرام ‘ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی، پروگرم کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ اداکاراؤں نے الزام لگایا ہے کہ کئی کرکٹرز ہمیں میسج اور ڈی ایم کرتے ہیں، یہ حقیقت ہے یا افسانے؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر کرتے بھی ہیں تو کیا بُری بات ہے؟ اگر آپ کو اچھا نہیں لگا تو آپ ریپلائی نہ کریں، نظرانداز کردیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ جواب دیتی ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ وہ بھی (کھلاڑیوں سے بات چیت میں) دلچسپی رکھتی ہیں۔
شاداب خان نے کہا کہ ہم نے بھی ایسی ویڈیوز دیکھی ہوئی ہیں جس میں (اداکاراؤں کی جانب سے) بڑھا چڑھا کر دعویٰ کیا جارہا ہوتا ہے لیکن ایسا کچھ ہے نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ صرف شہرت حاصل کرنے کے لیے بھی کرکٹرز کے بارے میں ایسی باتیں کی جاتی ہیں، خاص طور پر ٹورنامنٹس کے دوران ایسی چیزیں زیادہ سامنے آتی ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ایسے دعوے سامنے آنے کے بعد کھلاڑی ایک دوسرے سے پوچھتے ہیں کہ کس نے میسج کیا تھا؟