بالی وڈ کے ‘مسٹر پرفیکٹ’ اداکار عامر خان کی 2007 میں ریلیز ہونے والی مقبول ترین فلم ‘تارے زمین پر’ کا سیکوئل ‘ستارے زمین پر’ کو موسٹ اویٹڈ فلموں میں شمار کیا جارہا ہے اور اب اس فلم کی تیاری کے بعد ریلیز کی تاریخ بھی سامنے آگئی۔
مداح اس فلم کی ریلیز کا بےصبری سے انتظار کررہے ہیں اور اب تازہ میڈیا رپورٹس کے مطابق عامر خان نے ‘ستارے زمین پر’ کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے جو اب ریلیز کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔
حال ہی میں اداکار عامر خان 2025 کے یوم جمہوریہ کی تقاریب میں گجرات کے اسٹچو آف یونٹی میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی آنے والی منصوبوں کے بارے میں تازہ ترین اپڈیٹس شیئر کیں جن میں انتہائی متوقع فلم ’ستارے زمین پر’ کا سیکوئل شامل ہے۔
میڈیا سے بات چیپ کے دوران عامر خان نے اپنے 2025 کے یوم جمہوریہ کی تقاریب میں شمولیت کو ایک خواب جیسا تجربہ قرار دیا، اس دوران میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا ان کی کوئی آنے والی فلم گجرات میں شوٹ کی جا رہی ہے؟ تو عامر نے انکشاف کیا کہ’ستارے زمین پر’کا کلائمکس ودودرا گجرات میں شوٹ کیا گیا ہے۔
عامر خان بتاتے ہیں کہ وقت کے ساتھ ساتھ گجرات میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں۔جب میں چھوٹا تھاتو میرے والد کی بہت سی فلمیں گجرات میں شوٹ کی جاتی تھیں۔’
ساتھ ہی مسٹر پرفیکشنسٹ نے ودودرا کے بدلتے ہوئے منظرنامے کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ،’ودودرا میں بہت تبدیلیاں آئی ہیں۔ اب یہاں بہت سی عیش و عشرت والی عمارتیں ہیں، اور سڑکیں بہت بہتر ہو گئی ہیں۔ جب میں پہلی بار یہاں آیا تھا، میں شاید 12 سال کا تھا۔ تب سے اس علاقے میں کافی تبدیلیاں آئی ہیں’۔
گجرات کی فلم سازی کی تاریخ پر بات کرتے ہوئے عامر خان نے یہ بھی بتایا کہ،’گجرات کا فلم انڈسٹری سے گہرا تعلق ہے اور یہ ایک بہت جاندار جگہ ہے، جہاں سینما، ثقافت، اور فن کا بڑا تعلق ہے۔ ہم فلم انڈسٹری کی طرف سے یہاں ضرور آ کر شوٹنگ کرنا پسند کریں گے’۔
ساتھ ہی عامر خان نے تارے زمین پر کے سیکوئل کی ریلیز پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ،’میری اگلی فلم جس میں میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہوں، وہ ’ستارے زمین پر’ہے۔ ہم اس فلم کو اس سال کے آخر تک کرسمس کے موقع پر ریلیز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ ایک تفریحی فلم ہے اور مجھے اسکی کہانی پسند آئی ہے۔
واضح رہے کہ اداکاری کے ساتھ ساتھ عامر خان ’ستارے زمین پر’کو پروڈیوس کر رہے ہیں اور اس فلم میں ’جنیلیا ڈی سوزا بھی ایک اہم کردار میں نظر آئیں گی۔
ستارے زمین پر کی کہانی اور پس منظر:
واضح رہے کہ 2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ میں ڈسلیکسیا جیسے مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا اس مرتبہ بھی فلم ’ستارے زمین پر’ میں ڈاؤن سنڈروم جیسی سنگین بیماری پر روشنی ڈالی جائے گی۔
’تارے زمین پر‘ میں عامر خان نے ایک ایسے آرٹ ٹیچر رام شنکر نکمب کا کردار ادا کیا تھا، جو ایک طالب علم، ایشان اوستھی، کو ڈسلیکسیا پر قابو پانے اور اس کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو باہر لانے میں مدد کرتے ہیں۔
اس فلم میں ایشان اوستھی کا کردار چائلڈ اسٹار درشیل نے نبھایا تھا، جو اب اس کے سیکوئل ’ستارے زمین پر‘ میں بھی ایک اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ اس فلم کا شائقین بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔