اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو قومی سلامتی کے منافی جرم پر سزا دی گئی جس پر عمل ہو گا، بھارت کا عالمی عدالت انصاف سے رجوع پاکستان کے اندر دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس کی سزائے موت پر واویلا بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندر ہونے والی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔انھوں نے کہا کہ بھارتی جاسوس اور را کے ایجنٹ کلبھوشن کو قومی سلامتی کے منافی جرم پر سزائے موت دی گئی ، انہوں نے کہا کہ کلبھوشن کے خلاف تمام ثبوت اور شواہد موجود ہیں اور اس نے اپنے بیان میں بھی تسلیم کیا ہے کہ وہ را کیلئے جاسوسی کرنے آیا تھا ۔ اب اگر اس کو پاکستان کی جاسوسی کے الزام میں موت کی سزا سنا دی گئی ہے تو اس پر بھارتی واویلا بے سود اور پاکستان کے اندر ہونے والی دہشتگردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
