پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جو نسخہ آج ہمارے جاسوسی ادارے استعمال کر رہے ہیں، وہ نظام روس استعمال کرچکا ہے اور وہ بری طرح ناکام ہوا۔
اسلام آباد میں منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ تحریک لوگوں کو گالیاں دینے کے لیے شروع نہیں کی، کوئی بھی ملک فوج اور خفیہ اداروں کے بغیر نہیں چل سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ جاسوسی ادارے ہر ملک کی آنکھ اور کان کا کام کرتے ہیں، جاسوسی ادارے سیاسی قیادت کو معلومات فراہم کرتے ہیں جس کی بنیاد پر سیاسی قیادت ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرتے ہیں، یہاں پر نظام مختلف ہے، جو آدمی منتخب نہیں ہوکر آتا وہ کیسے عوام کا سوچے گا؟
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جو نسخہ آج ہمارے جاسوسی ادارے استعمال کر رہے ہیں وہ نظام روس استعمال کرچکا ہے اور وہ بری طرح ناکام ہوا، سوویت یونین ٹوٹ گیا، ہمیں سیکھنا چاہیے، لوگوں کو تلخ تجربات سے تجربہ حاصل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر جگہ اقتدار کی جنگ ہے، ہمیں 1947 کو آزادی ملی اس آزادی کے ثمرات نیچے تک نہیں پہنچے، ہم نے آج بھی لوگوں کو حق حکمرانی نہیں دیا، جب عوام کے حق حکمرانی کی بات ہوتی ہے تو جھگڑا شروع ہو جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک آدمی ایک ووٹ کی بات کرتے تھے، ہم نے اپنے بزرگوں کی بات نہیں مانی۔