لاہور (خبریں ڈیجیٹل) ملٹی نیشنل کمپنی نیسلے کے ظلم کا شکار ملازم آصف میوہسپتال میں دم توڑ گیا ۔بدقسمت آصف کا کیس کئی سال سے لاہور ہائیکورٹ میں چل رہا تھا لیکن کوئی فیصلہ نہیں دیا جا رہا تھا ۔دلبرداشتہ آصف نے ہائی کورٹ کے احاطے میں خود کو آگ لگا لی جس پر اسے طبی امداد کیلئے میوہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دو دن زندگی اور موت کی جنگ لڑنے کے بعد دم توڑ گیا ۔خانیوال کا رہائشی آصف نیسلے کمپنی کبیر والا پلانٹ میں ملازم تھا ،لیبریونین میں سرگرم آصف کو ساتھیوں سمیت10سال قبل کمپنی نے ملازمت سے نکال دیا تھا ۔لیبر کورٹ نے ان ملازمین کو بحال کر کے واجبات کی ادائیگی کا حکم دیا ۔نیسلے نے فیصلہ کو ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا اور کیس پانچ سال سے زیر سماعت ہے ۔انصاف میں تاخیر پر آصف نے دلبرداشتہ ہو کر عدالت کے احاطے میںخودسوزی کر لی تھی ۔
