ممبئی: مشہور فلمساز سندیپ ریڈی وانگا، جو “ارجن ریڈی”، “کبیر سنگھ” اور “اینمل” جیسی سپر ہٹ فلمیں بنا چکے ہیں، نے حالیہ انٹرویو میں اداکار شاہد کپور کے بارے میں ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہد کپور کو مزید ری میک فلمیں نہیں کرنی چاہئیں، کیونکہ وہ ایک “اصلی اداکار” ہیں۔
کومل نہٹا کے “گیم چینجرز” پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے، سندیپ نے “کبیر سنگھ” میں شاہد کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر روشنی ڈالی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ “ارجن ریڈی” اور “کبیر سنگھ” میں کوآرڈینیشن کا تجربہ ایک جیسا تھا؟ تو انہوں نے دلچسپ تفصیلات بتائیں۔
انہوں نے کہا: “شاہد نے کبیر سنگھ میں کام کرنے میں بہت دلچسپی لی، اس لیے زیادہ بحث کی ضرورت نہیں تھی۔ ایک بار ہم نے موقع پر ہی ایک سین شوٹ کیا، جس کے ڈائیلاگ بھی پہلے سے نہیں لکھے گئے تھے، اور شاہد نے محض 90 منٹ میں اسے بہترین طریقے سے کر لیا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ ایسا بہترین اداکار ری میک فلموں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔”
وانگا نے مزید کہا کہ انہوں نے شاہد کو کئی بار مشورہ دیا کہ وہ صرف اصل کہانیاں کریں، کیونکہ ان کی اداکاری اتنی زبردست ہے کہ انہیں ری میک فلموں میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
“کبیر سنگھ” 2019 میں ریلیز ہوئی تھی اور باکس آفس پر زبردست ہٹ ثابت ہوئی۔ فلم نے شاہد کپور کے کیریئر کو نئی بلندیوں پر پہنچایا اور ان کی اداکاری کو بے حد سراہا گیا۔