بالی وڈ کے سینئر اور مزاحیہ اداکار مشتاق خان، جو ‘ہم ہیں راہی پیار کےُ،‘جوڑی نمبر 1‘، ‘ویلکم‘ اور متعدد کامیاب فلموں میں اپنے مزاحیہ کرداروں کے لیے جانے جاتے ہیں، نے حالیہ انٹرویو میں فلم انڈسٹری میں معاوضے کے غیر منصفانہ نظام پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ سپرہٹ فلم ‘ویلکم‘ کی شوٹنگ کے دوران انہیں اکشے کمار کے اسٹاف سے بھی کم معاوضہ دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ‘جب ہم معاہدہ سائن کرتے ہیں تو کہا جاتا ہے کہ شوٹنگ 20 یا 25 دن کی ہوگی، اور معاوضہ اسی بنیاد پر طے ہوتا ہے۔ لیکن بعد میں شوٹنگ کی مدت بڑھا دی جاتی ہے اور معاوضے میں کوئی اضافہ نہیں کیا جاتا۔‘
مشتاق خان نے کہا کہ ان کا مکمل معاوضہ ایک لاکھ روپے تھا، چاہے شوٹنگ 20 دن کی ہو یا 35 دن کی، جبکہ اسٹاف کو فی دن کے حساب سے ادائیگی کی جاتی تھی۔
اداکار نے کہا کہ،‘اگر ہمیں بھی یومیہ بنیاد پر ادائیگی کی جاتی تو ہم کہیں زیادہ کما سکتے تھے، انہوں شکوہ کیا کہ جب انہوں نے اس بارے میں بات کی تو پروڈیوسر نے جواب دیا،‘شکر کرو کہ اتنی بڑی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔‘
اگرچہ اس غیر منصفانہ سلوک پر وہ مایوس ہوئے، تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ فلم ‘ویلکم‘ میں ان کے کردار کو جو مقبولیت اور سوشل میڈیا پر میمز کی صورت میں شہرت ملی، اس سے انہیں خوشی ضرور ہوئی۔
انیس بزمی کی ہدایت کاری میں بننے والی کامیڈی فلم ‘ویلکم‘ میں انیل کپور، نانا پاٹیکر، اکشے کمار، کترینہ کیف، پاریش راول اور ملائکہ شراوت جیسے بڑے ستاروں نے مرکزی کردار ادا کیے، یہ فلم باکس آفس پر بڑی کامیاب ثابت ہوئی۔
اس کے بعد 2015 میں اس کا سیکوئل ‘ویلکم بیک‘ ریلیز ہوا، جبکہ سیریز کی تیسری فلم ‘ویلکم ٹو دی جنگل‘ رواں برس نمائش کے لیے تیار ہے۔
مشتاق خان حال ہی میں بلاک بسٹر فلم ‘استری 2‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے، جس میں شردھا کپور، راج کمار راؤ، اپرشکتی کھورانا اور پنگج تریپاٹھی جیسے اداکار شامل تھے۔ فلم نے دنیا بھر میں 857.15 کروڑ بھارتی روپے کا شاندار بزنس کیا۔