پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول ترین ترین اداکارہ بہنیں ایمن اور منال خان نے اپنی صحت، فٹنس اور شوبز میں پہلی کمائی کے حوالے سے ایک انٹرویو میں مداحوں سے لب کشائی کرڈالی۔
ایمن اور منال حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی پرسنل لائف اور کریئر کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔
تاہم انٹرویو کے دوران دونوں اداکاراؤں کی جانب سے فٹنس اور پہلی سیلیری کے حوالے سے کی جانے والی گفتگو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ ایمن اور منال نے بتایا کہ وہ اپنی فٹنس کیلئے کسی مخصوص ڈائٹ پلان پر عمل نہیں کرتیں اور نہ ہی ان کا کوئی ذاتی فٹنس ٹرینر ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ گھر پر ہی ورزش کے لیے ضرور نکالتی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اکثر ورزش کے دوران دونوں بہنیں ویڈیو کال کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہتی ہیں تاکہ ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرسکیں۔
شوبز میں اپنی پہلی کمائی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ایمن خان نے بتایا کہ جب انہوں نے میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا تھا تو انہیں اس بات کا بالکل علم نہیں تھا کہ انہیں اپنے کام کے لیے رقم کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔
منال خان نے اس بارے میں انکشاف کیا کہ جب ان کے والد نے ان کے مالی معاملات کا جائزہ لیا تو انہیں پتہ چلا کہ ان کے کام کا انتظام کرنے والے کچھ لوگ ان کی کمائی خود جیب میں ڈال رہے ہیں اور انہیں کچھ نہیں مل رہا تھا۔
منال نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے اس مسئلے پر بات کی تو انہیں براہ راست ادائیگیاں موصول ہونا شروع ہوئیں اور یہ سب ان کے والد کی تفتیش کی بدولت ممکن ہوا
ایمن خان کے مطابق انہیں اور منال کو پہلی بار ایک کوکنگ آئل کے اشتہار کے لیے 30 ہزار روپے کا چیک ملا تھا۔
اداکارہ نے اپنی پہلی کمائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ رقم دیکھ کر بہت خوشی ہوئی تھی اور جب ان کے والد نے وہ چیک دیکھا توکہا کہ وہ اسے خرچ نہیں کریں گے بلکہ یادگار کے طور پر فریم کروا کر رکھیں گے۔
واضح رہے کہ اپنے کریئر کے علاوہ جڑواں بہنوں کی اسٹار جوڑی ایمن خان اور منال خان اپنی دوستی کیلئے بھی مشہور ہیں دونوں بہنیں اس بات کا اعتراف کرتی نظر آتی ہیں کہ وہ ایک دوسرے کے بغیر نہیں جی سکتیں۔
یہی وجہ ہے کہ دونوں بہنیں شادی سے قبل تو ایک ساتھ گھومتی پھرتی تھیں ہی لیکن اب شادی کے بعد بھی دونوں فیملیز کے ساتھ بیرونِ ملک سفر کرتی نظر آتی ہیں۔