لاہور (خصوصی رپورٹ)بلدیاتی نمائندوں نے پنجاب پولیس کی طرف سے معلومات کے تبادلے اور معاونت کیلئے فراہم کی گئی موبائل ایپ ”لوکل آئی“ کو مخبری کا آلہ کار قرار دینا شروع کردیا اوراس کا کم سے کم استعمال کر نے پر اکتفاکررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حال ہی میں متعارف کرائی جانے والی موبائل ایپ ”لوکل آئی“ جس کا سلوگن تحفظ مل جل کر، ہے سے متعلق بیشتر بلدیاتی نمائندوں نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔ بلدیاتی نمائندے ایپ کے ذریعے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کے خلاف شکایات کا اندراج کرانے اور ان کی معلومات فراہم کرنے سے کترار ہے ہیں۔ پنجاب پولیس نے بلدیاتی نمائندوں کو جو موبائل ایپ دی،اس میں شکایت کرنے، مطلع کرنے ،کرایہ اداروں کی رجسٹریشن ،مصلحت انجمن اور رابطہ کرنے کے فیچرز شامل ہیں۔ پنجاب پولیس کی جانب سے دی گئی موبائل ایپ کے حوالے سے بلدیاتی نمائندے باہمی اور عزیز و اقارب کے ساتھ گفتگو میں اس کا استعمال کم سے کم کررہے ہیں۔ بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کی معلومات دینے یا شکایت کرنے سے اپنی ساکھ متاثر نہیں کرسکتے۔لیکن تاحال تمام بلدیاتی نمائندوں نے اپنے موبائل میں اپ انسٹال نہیں کرائی، جس کی وجہ سے یونین کونسلوں کے چیئرمین حضرات کو بار بار رابطے کرکے ان کے ماتحت پوری باڈی کو سافٹ ویئر انسٹال کرانے کی ہدایت کی جارہی ہے۔