پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کا یک زبان ہو کر آواز اٹھانا نہایت خوش آئند ہے۔
سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلمانی پارٹی کے سربراہ اور قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات میں نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز کے اس کردار سے قومی یکجہتی کو فروغ ملے گا اور عوام میں بھی اتفاق و اتحاد کی فضا پیدا ہوگی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنی جماعت کے سربراہ نواز شریف کو سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔
انہوں نے ملکی دفاع کے عزم کے متفقہ اظہار پر مشتمل قرارداد کا بھی ذکر کیا جس کی تیاری اور تائید میں تمام جماعتوں نے حصہ لیا۔
نواز شریف نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن ملکی دفاع کے عظیم مقصد کے لیے ہر طرح کے اختلافات کو ایک طرف رکھ دینا اچھی روایت ہے۔