تازہ تر ین

شاہ رخ نے دولت میں بریڈ پٹ، جیکی چن کو پیچھے چھوڑ دیا

بالی وڈ میں بڑے بڑے ستارے چمکے اور غروب ہوگئے لیکن جو عروج شاہ رخ خان کو نصیب ہوا وہ شاید ہی کسی کے حصے میں آیا ہے۔

بھارتی سینما کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ کے چاہنے والے بغیر رنگ و نسل، مذہب اور قومیت کی تفریق کے دنیا بھر میں موجود ہیں۔

اداکار کے مداحوں کے لیے یہ ایک خوشی کا موقع ہے کیونکہ بالی وڈ کے کنگ خان سال 2025 کے دنیا کے 10 امیر ترین اداکاروں میں شامل ہو گئے ہیں۔

ایسکوائر میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان 2025 کے 10 سب سے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں اور ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ تقریباً 87 کروڑ 65 لاکھ ڈالر ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ شاہ رخ خان نے ہالی وڈ کے مشہور اداکاروں جیسے بریڈ پٹ، جارج کلونی، ٹام ہینکس، رابرٹ ڈی نیرو یہاں تک کے جیکی چن کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ پوزیشن حاصل کی ہے۔

اس فہرست میں آرنلڈ شوارزنیگر 1.49 ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہیں، اس کے بعد ڈوین ‘دی راک’ جانسن 1.19 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے جبکہ ٹام کروز 891 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

شاہ رخ چوتھے نمبر پر براجمان ہیں جن کے بعد جارج کلونی 742.8 ملین ڈالر کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں، دیگر لیجنڈز جیسے رابرٹ ڈی نیرو، جیک نکلسن اور جیکی چن بھی 2025 کے 10 امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران شاہ رخ خان کی دولت میں حیران کن طور پر 46 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سال2025 میں شاہ رخ خان کی کل دولت 80 کروڑ 76 لاکھ ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ سال 2020 میں ان کی دولت 60 کروڑ ڈالر تھی۔

شاہ رخ خان کی دولت کا بڑا حصہ ان کی فلموں، کاروباروں اور سرمایہ کاریوں سے آتا ہے،  2023 میں شاہ رخ خان نے ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں کے ذریعے بالی وُڈ میں شاندار کم بیک کیا۔

شاہ رخ خان نے شوبز میں اپنے سفر کا آغاز ٹیلی ویژن سے کیا اور بالآخر بالی وڈ کے سب سے چہیتے کنگ آف رومانس بن گئے۔

حال ہی میں منعقدہ ویوز سمٹ میں شاہ رخ نے اپنے ابتدائی دنوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘مجھے یقین ہے کہ جب میں بے باک، حد سے زیادہ پراعتماد، لاپرواہ اور بہت زیادہ احمق تھا، میں خوش ہوں کہ میں ایسا ہی تھا، ورنہ میں نے اس راستے کا انتخاب نہ کیا ہوتا جو میں نے ایسے شاندار لوگوں کے ساتھ کیا، میں تھوڑا حوصلہ مند بھی تھا، نوجوان شاہ رخ خان، اتنا اچھا ہونے کے لیے آپ کا شکریہ۔’

شاہ رخ خان نے اپنے اداکاری کے سفر کا آغاز 1989 میں ڈی ڈی نیشنل پر نشر ہونے والی ٹی وی سیریز فوجی سے کیا، وہاں سے، وہ تیزی سے شہرت کی طرف بڑھے اور بالی وڈ کے سب سے بڑے سپر اسٹارز میں سے ایک بن گئے۔

3 دہائیوں تک پھیلے اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے بازیگر، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، دل تو پاگل ہے، کچھ کچھ ہوتا ہے، ویر زارا، کبھی الودٰع نہ کہنا، جب تک ہے جان، اور دیگر لاتعداد سپرہٹ فلموں میں اپنی ادکاری کے جوہر دکھائے۔

شاہ رخ خان آخری بار 2023 میں راجکمار ہیرانی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ڈنکی میں نظر آئے تھے، اداکار اگلی بار سوجوئے گھوش کی فلم کنگ میں نظر آئیں گے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain