سوشل میڈیا پر متنازع مواد کے لیے معروف یوٹیوبر اور کانٹینٹ کریئیٹر رجب بٹ ایک بار پھر تنقید کی زد میں آ گئے، جب ان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک شہری پر تشدد کرتے نظر آ رہے ہیں۔
یہ واقعہ لاہور میں پیش آیا، جہاں رجب بٹ اور ان کے دوست ایک گاڑی میں بیٹھے نوجوان پر حملہ آور ہوئے، جب کہ متاثرہ شخص کے اہل خانہ بھی اس وقت موجود تھے۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد متاثرہ شہری عمران نے ستوکتلہ تھانے میں رجب بٹ کے خلاف باقاعدہ درخواست جمع کروا دی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران اپنی گاڑی میں اہلِ خانہ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے جب ایک موٹرسائیکل سوار کی خطرناک ڈرائیونگ پر آواز دینے پر رجب بٹ اور ان کے ساتھیوں نے راستہ روک کر بلاجواز تشدد کیا۔
ذرائع کے مطابق، متاثرہ فریق پر صلح کے لیے دباؤ ڈالنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں، تاہم بعد میں ایک نئی ویڈیو منظر عام پر آئی جس میں رجب بٹ متاثرہ شخص سے معذرت کرتے اور واقعے کو غلط فہمی قرار دیتے نظر آتے ہیں۔
لاہور پولیس کے مطابق، دونوں فریقین کے درمیان صلح ہو گئی ہے، رجب بٹ نے معافی مانگ لی ہے، اور متاثرہ شہری عمران نے درخواست واپس لے لی ہے۔