تازہ تر ین

نیرج چوپڑا کا ارشد ندیم کیساتھ گہری دوستی سے انکار

بھارت کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد اُن کا پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ساتھ تعلق پہلے جیسا نہیں رہے گا۔

قطر میں گزشتہ روز ہونے والی ورلڈ ایتھلیٹکس کی دوحہ ڈائمنڈ لیگ سے قبل الجزیرہ سے گفتگو میں نیرج چوپڑا سے ارشد ندیم سے تعلق کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے جواب دیاکہ ’میری ارشد ندیم کے ساتھ کبھی کوئی بہت گہری دوستی نہیں رہی، لیکن ہم ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اب ارشد ندیم کے ساتھ یہ تعلق ویسا نہیں رہے گا، جیسا (حالیہ پاک بھارت کشیدگی سے) پہلے تھا’۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 اپریل کو پہلگام حملے کے بعد انہیں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، کیونکہ انہی دنوں میں انہوں نے ارشد ندیم کو بھارت میں ہونے والے ‘نیرج چوپڑا کلاسک جیولن تھرو ایونٹ’ میں مدعو کیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ نیرج چوپڑا کی جانب سے ارشد ندیم کو یہ دعوت پہلگام حملے سے پہلے دی گئی تھی، جسے ارشد نادیم نے یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ وہ 27 سے 31 مئی تک جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

سرحد پار کشیدگی کے بعد نیرج چوپڑا کے نام سے منسوب یہ ایونٹ بالآخر ملتوی کر دیا گیا تھا لیکن اس سے پہلے نیرج چوپڑا نے 25 اپریل کو دیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ ‘پہلگام حملے کے بعد ارشد ندیم کی اس ایونٹ میں شرکت خارج از امکان ہے’۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پیرس اولمپکس میں نیرج نے 89.45 میٹر کی تھرو کرکے سلور میڈل جیتا تھا جبکہ پاکستان کے ارشد ندیم نے 92.97 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی تھی۔

پاک بھارت کشیدگی

یاد رہے کہ پہلگام حملے کے بعد 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے تھے۔

بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔

بعدازاں 10 مئی کو بھارت کے خلاف ‘آپریشن بُنیان مرصوص’ کے تحت پاکستان نے بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ ایئربیس، سرسہ ایئربیس، سورت گڑھ ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain