بلوچستان کے شہر خضدار میں سکول بس پر خود کش حملہ میں تین بچوں سمیت 5افراد شہید ،38زخمی ہو گئے ۔
سکول بس معمول کے مطابق بچوں کو لیکر جا رہی تھی کہ زیرو پوائنٹ پر زوردار دھماکہ کے بعد قیامت صغریٰ برپا ہو گئی ،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ کئی زخمی بچے دور سڑک پر جا گرے۔زخمیوں میں سے کچھ بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔جاں بحق ہونے والی طالبات میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں۔ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا ۔پولیس اور سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ پر ردعمل میں کہا کہ حملہ ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش ہے ،درندہ صفت عناصر کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائیگی ۔
