ابھرتی ہوئی اداکارہ حنا طارق نے کہا ہے کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کسی نامناسب واقعے یا مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، ان کے لیے ہر چیز مکھن کی طرح ہوتی گئی۔
نجی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں حنا نے اپنے فنی سفر، ذاتی خیالات اور شوبز کے تجربات پر کھل کر بات کی۔
لاہور سے تعلق رکھنے والی حنا اب کراچی میں مقیم ہیں، جہاں وہ اکیلی رہتی ہیں۔ انہوں نے کراچی کے لوگوں کی مہمان نوازی اور کھانوں کی تعریف کی، البتہ سڑکوں کے خراب حالات پر شکوہ بھی کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بریانی کی بات ہو تو لاہور اور کراچی کی بریانی میں ذائقے کا فرق صرف ذہنوں میں ہے، حقیقت میں وہ تقریباً ایک جیسی ہے۔
حنا طارق نے بتایا کہ وہ ہمیشہ سے اپنے خاندان کے بہت قریب رہی ہیں اور والد کی لاڈلی رہی ہیں۔
وہ دوستوں سے زیادہ گھریلو رشتوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ اداکاری کے بارے میں ان کا ماننا ہے کہ چاہے کردار مثبت ہو یا منفی، دونوں میں یکساں محنت درکار ہوتی ہے اور ہر کردار کی اپنی اہمیت ہوتی ہے۔
انہوں نے ساس اور بہو کے ڈرامائی رشتے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بیٹیاں اپنی ماؤں کی سختی کو خلوص سے لیتی ہیں، ویسے ہی ساس کی باتوں کو بھی برداشت کرنا چاہیے تعلقات سمجھداری سے ہی چلتے ہیں۔
حنا نے مزید بتایا کہ شوبز میں قدم رکھنے سے پہلے وہ ٹی وی ہوسٹ بننے کی خواہش رکھتی تھیں، لیکن وقت کے ساتھ اداکاری کی طرف آ گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ خود کو خوبصورت سمجھتی تھیں، اسی اعتماد نے انہیں شوبز کی دنیا کی طرف مائل کیا۔ سب سے خوش آئند بات یہ رہی کہ ان کا راستہ کبھی مشکل نہیں ہوا سب کچھ فطری انداز میں خود بخود ہوتا گیا۔