تازہ تر ین

اب بھی خاندانی پسِ منظر کا طعنہ دیا جاتا ہے – جسٹن بے بیز

 ایک دہائی قبل کینیڈین نژاد امریکی گلوکار جسٹن بیبر کے گانے ‘بے بی’ کو گاکر عالمی شہرت حاصل کرنے والی پاکستانی سسٹر سنگرز  ثانیہ اور مقدس نے انکشاف کیا ہے کہ موسیقی کی دنیا میں نام کمانے کے باوجود انہیں اب بھی انڈسٹری میں تفریق کا سامنا ہے۔

حال ہی میں دونوں بہنوں نے مزاحیہ پروگرام ‘مذاق رات’ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور کریئر کے مختلف پہلوؤں پر مداحوں سے کھل کر بات کی۔

تاہم پروگرام کے دوران جسٹن بے بیز  کے نام سے مشہور ہونے والی ان بہنوں کی جانب سے انڈسٹری میں ہونے والے ناروا سلوک پر کی جانے والی گفتگو مداحوں کی توجہ سمیٹنے میں کامیاب ہوگئی۔

 پروگرام کے دوران انہوں نے انکشاف کیا کہ دونوں بہنیں شادی شدہ ہیں اور ان کی شادی کئی سال قبل خاندان کی مرضی سے ہوئی تھی۔

 بڑی بہن ثانیہ کے مطابق ان کے دو بچے ہیں جن میں سب سے بڑا 8 سال کا ہے جبکہ چھوٹی بہن مقدس نے بتایا کہ انہیں تاحال کوئی اولاد نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے لیکن قسمت نے ان کا ساتھ دیا اور خدا کی رحمت سے وہ آج ایک اچھے مقام پر ہیں۔

 ثانیہ اور مقدس کا کہنا تھا کہ وہ گلوکاری کے میدان میں مزید نام بنانے کی خواہش مند ہیں اور چاہتی ہیں کہ انہیں مزید شہرت ملے تاکہ ان کے والدین اپنی زندگی میں ان کی شہرت کو دیکھ سکیں۔

 ان کے مطابق والدین کی عمر زیادہ ہو چکی ہے اس لیے وہ ان کے چل بسنے سے قبل شہرت کی بلندیوں پر پہنچنا چاہتی ہیں۔

پروگرام کے دوران مقدس نے بتایا کہ ثانیہ ان سے بڑی ہیں اور اس لیے گھر میں بڑی بہن کا کام بھی وہی کرتی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مقدس نے گلہ کیا کہ موسیقی کی دنیا میں نام کمانے کے باوجود لوگ انہیں ان کے خاندانی پس منظر سے دیکھتے اور طعنے دیتے ہیں اور یوں  ایک طرح سے ان کے ساتھ اب بھی تفریق روا رکھی جاتی ہے۔

انہوں نے شکوہ کیا کہ لوگ ایک دوسرے سے ان کی تعلیم، خاندانی پس منظر اور کام سمیت دیگر حوالوں سے پوچھتے رہتے ہیں اور انہیں ان کے خاندانی پس منظر کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے۔

مقدس کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ساتھ اس تفریق کو صرف محسوس ہی نہیں کیا بلکہ اپنی آنکھوں اور کانوں سے دیکھا اور سنا ہے اور یہ تفریق کی ان کی کامیابی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

واضح رہے کہ ‘جسٹن بی بیز’ کے نام سے مشہور  یہ بہنیں 2015 میں جسٹن بیبر کے انگریزی گانے ‘بے بی’ کی اپنی گائی ہوئی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر میں مقبول ہو گئی تھیں۔

اس ویڈیو کی مقبولیت کے بعد انہیں کوک اسٹوڈیو سمیت دیگر میوزک پلیٹ فارمز پر بھی گلوکاری کے مواقع ملے اور اب وہ ایک دہائی سے میوزک انڈسٹری کا حصہ ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain