بھارت نے مئی میں پاکستان کے ساتھ فضائی جھڑپوں میں اپنے کئی لڑاکا طیارے کھو دینے کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔ یہ اعلان بھارتی افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل انیل چوہان نے سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ کے دوران کیا، جہاں انہوں نے لڑاکا طیارے گرنے کی تعداد ظاہر کرنے سے گریز کیا۔
جنرل چوہان نے کہا کہ ’’طیارے گرنا اہم نہیں، اصل بات یہ ہے کہ غلطی کہاں ہوئی اور کیوں طیارے تباہ ہوئے۔‘‘ یہ پہلا موقع ہے کہ بھارتی فوج نے پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں اپنے فضائی نقصان کا اعتراف کیا ہے۔
پاکستان کی عسکری قیادت نے اس سے قبل چھ بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کا اعلان کیا تھا، جن میں تین فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے شامل تھے۔
جنرل چوہان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کو بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی جنگ کے قریب نہیں پہنچے تھے۔