پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ورسٹائل اداکار و میزبان فیصل قریشی ان دنوں اپنے تازہ ترین ڈرامہ سیریل ‘بہروپیا‘ میں ملٹیپل پرسنالٹی ڈس آرڈر کے شکار ایک شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس ڈرامے میں فیصل قریشی کے کردار کی نو مختلف شخصیتوں کی عکاسی کی جا رہی ہے اور ان کی پرفارمنس کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
اداکار فیصل قریشی کی اہلیہ ثنا فیصل جو ہمیشہ اپنے شوہر کی سب سے بڑی سپورٹر رہی ہیں انہوں نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جوکہ صارفین کی تنقید کا مرکز بن گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فیصل قریشی کا ننھا بیٹا فرمان قریشی اپنے والد کے ڈراما بہروپیا کا ایک سین دیکھ رہا تھا۔
اس سین میں فیصل قریشی کے کردار کو مدیحہ امام کو سیڑھیوں سے گراتے ہوئے دکھایا گیا ہے جہاں یہ سین دیکھ کر فرمان واضح طور پر حیران رہ گیا اور اپنی والدہ سے پوچھا کہ ‘کیا بابا میں مونسٹر ہیں‘۔
اپنی ویڈیو کو کیپشن دیتے ہوئے ثنا فیصل کا کہنا تھا کہ ‘فرمان ‘بہروپیا‘ دیکھ رہا ہے اور وہ اپنے بابا کے کردار کے مختلف اوتار دیکھ کر حیران بھی ہے اور لطف بھی اٹھا رہا ہے’۔
ثنا کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑدی۔
جہاں ایک جانب صارفین ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں فیصل قریشی کی اداکاری کو سراہتے نظر آئے وہیں دوسری جانب صارفین نے ثنا فیصل کو ننھے بچے کو ایسے پرتشدد مناظر دکھانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
وییو پر تبصرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ ایسے مناظر بچوں کی نفسیات پر منفی اثرات ڈال سکتے ہیں۔ ایک صارف نے اپنا کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ سین بچے کی نفسیات کے لیے بہر نقصان دہ ہے، اسے یہ نہ دکھائیں‘۔
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ‘آج کل ہر چیز ویوز کے لیے ہو گئی ہے، اپنے بچے کو اس طرح کے سین مت دکھاؤ‘ جب کہ ایک اور صارف نے کہا کہ ‘وہ بچہ ہے اسلیے وہ ابھی ڈرامے کے سین اور حقیقت میں فرق نہیں کر سکتا‘۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے تنقید کی جا رہی ہے کہ اتنی کم عمر میں بچوں کو اس طرح کے پرتشدد مناظر سے دور رکھنا چاہیے تاکہ ان کی ذہنی صحت پر کوئی برا اثر نہ پڑے تاہم فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ ابھی تک اس معاملے پر خاموش ہیں۔