’ہیرا پھیری‘ سیریز کے ہدایتکار پریا درشن کا کہنا ہے کہ پریش راول نے ان سے فلم چھوڑنے پر معذرت کی اور پھر دوبارہ فلم میں شمولیت کی تصدیق بھی کی۔
پریش راول نے اس بات کی تصدیق کر دی کہ وہ مشہور کامیڈی فرنچائز’ ہیرا پھیری 3‘ کا دوبارہ حصہ بن رہے ہیں حالانکہ چند ماہ قبل انہوں نے اس فلم سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
اب ایک انٹرویو میں ہدایت کار پریادرشن نے بتایا کہ پریش راول کے واپسی کے فیصلے پر ان کا کیا ردعمل تھا اور کس طرح فلم کے کرداروں نے اپنے اختلافات ختم کیے تھے۔
پریادرشن نے انکشاف کیا کہ پریش نے ان سے فلم چھوڑنے پر معذرت کی،انہوں نے بتایا کہ پریش کا مجھے فون آیا اور انہوں نے کہا کہ وہ اب فلم کررہے ہیں، پریش نے مجھے مزید کہا کہ میرےدل میں آپ کے لیے بہت عزت رہی ہے، میں نے آپ کے ساتھ 26 فلمیں کی ہیں اور مجھے افسوس ہے کہ میں نے یہ فلم چھوڑ دی تھی، بس کچھ ذاتی مسائل تھے۔
پریا درشن کا کہنا تھا کہ اب وہ فلم کی کہانی لکھنے بیٹھیں گے لیکن فلم کے پہلے حصے سے بہتر کچھ نہیں بنا سکتا ، انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم کا دوسرا حصہ زیادہ اچھا نہیں تھا اور ہالی وڈ کی ایک مووی کی نقل تھا۔
پریا درشن نے واضح طور پر کہا کہ ہیرا پھیری اپنے اصل کرداروں کے بنا ممکن ہی نہیں تھی، انہوں نے ایک واقعہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ حال ہی میں ایک فلائٹ میں ایک ہیرے کے تاجر اور اس کے خاندان نے مجھ سے درخواست کی کہ پریش راول کو واپس لایا جائے، انہوں نے کہا کہ اگر وہ فلم میں نہیں ہوں گے تو وہ اسے نہیں دیکھیں گے۔
مئی میں پریش راول نے اعلان کیا تھا کہ وہ’ ہیرا پھیری 3‘ کا حصہ نہیں بن رہے اور کہا تھا کہ یہ وہ کردار نہیں ہے جو وہ اس وقت کرنا چاہتے ہیں، ان کے اس فیصلے سے شائقین حیران اور مایوس ہو گئے تھے کیونکہ اکثر لوگوں کا خیال تھا کہ’ بابو راؤ‘ کے بغیر یہ فلم بن ہی نہیں سکتی۔ اس کے بعد اکشے کمار جو اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں انہوں نے پریش پر ان کے اچانک باہر نکلنے پر قانونی کارروائی بھی کی۔
اب فلم کے چاہنے والے اس بات پر خوش ہیں کہ ’ہیرا پھیری 3‘ میں پچھلی فلموں کے کردار ہی نظر آئیں گے۔’ہیرا پھیری‘ فرنچائز اپنی لازوال مزاحیہ کہانی، یادگار کرداروں اور مقبول ڈائیلاگز کے لیے جانی جاتی ہے۔
یہ سلسلہ 2000 میں شروع ہوا تھا جب پریادرشن کی ہدایت کاری میں’ ہیرا پھیری‘ ریلیز ہوئی، جس نے ناظرین کو راجو (اکشے کمار)، شیام (سنیل شیٹی)، اور بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے (پریش راول) کی جوڑی سے متعارف کرایا۔
یہ فلم زبردست ہٹ ثابت ہوئی اور اپنے شاندار مکالموں اور مزاحیہ لمحوں کی بدولت کلٹ کلاسک بن گئی۔
اس کی کامیابی کے بعد، 2006 میں’ پھر ہیرا پھیری‘ ریلیز ہوئی، جس کی ہدایت کاری نیروج وورا نے کی تھی، اگرچہ یہ فلم تنقیدی لحاظ سے پہلی جیسی مقبولیت حاصل نہ کر سکی لیکن باکس آفس پر کامیاب رہی۔