ممبئی: (ویب ڈیسک )معروف بھارتی اداکار سلمان خان بالی وڈ میں دوستی کیلئے تو مشہور ہیں ہی، جذباتی بھی بہت جلدی ہوجاتے ہیں اس لیے انہوں نے اپنی ہی فلم ٹیوب لائٹ کا ٹریلر دیکھنے سے منع کردیا۔ممبئی میں اپنی فلم کے ٹریلر کی رونمائی کے موقع پر سلمان خان کا کہنا تھا کہ میں نے گزشتہ 3 ماہ کے دوران 3 مایہ ناز اداکاروں اوم پوری، ونود کھنہ اور ریمالاگو کو کھو دیا اور یہ تینوں میرے بہت قریب تھے۔ اوم پوری کے انتقال کی خبر سن کر مجھ سمیت ٹیوب لائٹ کی پوری ٹیم حیران رہ گئی تھی کیونکہ اوم پوری اور میں ٹیوب لائٹ میں کام کررہے تھے، یہ فلم ہم دونوں کی آخری فلم ثابت ہوئی جس میں ہم نے ایک ساتھ کام کیا تھا۔تقریب کے دوران جب ٹریلر کی جھلکیاں دکھائی گئیں تو سلمان خان جذباتی ہوگئے اور کہا کہ میں مزید ٹریلر نہیں دیکھ سکتا کیونکہ میں جب بھی اوم پوری کو دیکھتا ہوں میرے لیے بہت مشکل وقت ہوتا ہے، ہم نے ایک ساتھ کام کیا ہے ،ایک لمحے وہ میرے ساتھ تھے اور دوسرے ہی لمحے وہ ہم میں نہیں رہے ، مجھے نہیں پتہ آپ کیا محسوس کیا کررہے ہیں لیکن میں بہت جذباتی ہوگیا ہوں۔خیال رہے کہ بولی وڈ کی ماں ریما لاگو گزشتہ ہفتے ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کر گئی تھیں ان کی اچانک موت نے بولی وڈ انڈسٹری کے تمام لوگوں کو صدمے میں مبتلا کردیا تھا ،جبکہ ونود کھنا بھی گزشتہ ماہ کینسر کے باعث اپنے چاہنےوالوں کو سوگوار چھوڑ گئے تھے۔