خوست:(ویب ڈیسک) افغانستان کے صوبہ خوست میں امریکی فوج و افغان افواج پر خود کش کار بم حملے میں 18 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق افغان صوبہ خوست کے صدر مقام میں واقعے ایک اسٹیڈیم اور بس اسٹینڈ کے قریب امریکی افواج اور ان کی سیکیورٹی پر مامور خوست پرووشنل فورس کے اہلکاروں کے قریب مواد سے بھری کار میں سوار ایک شخص نے خود کو اڑالیا۔ حملے میں متعدد فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔خوست کے گورنر کے ترجمان مبارز زادران نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں امریکی افواج اور انہیں سیکورٹی دینے والی افغان فورس کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے میں 18 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔دریں اثنا ایک دوسرے واقعے میں صوبہ ہرات میں سڑک کنارے نصب بم کے دھماکے میں خواتین و بچوں سمیت 10 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ ہرات پولیس کے ترجمان عبدالاحد ولی زادہ نے بتایا کہ حملہ ضلع ادرسکان میں ہوا جس میں منی بس کو نشانہ بنایا گیا۔
