لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے مشہور پولو کھلاڑی صوفی عامر نے چار خوبصورت گول کرکے ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں اپنی ٹیم ایونسس انسٹیٹوٹ کو ڈپلومیٹس چیلنجپولو کپ کے فائنل میں پہنچا دیا۔ صوفی محمد عامر نے ہنگری سے فون پر بتایا کہ وہ ہر سال کی طرح اس سال بھی ہنگیرین پولو کلب میں سال کے سب سے بڑے ایونٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس بار ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شامل ہیں اور صوفی عامر ایونسس انسٹی ٹیوٹ کی ٹیم میں شامل ہیں۔صوفی عامر کی ٹیم کا پہلا میچ سنٹی مارموبیو کے خلاف تھا جو ان کی ٹیم نے 8-6سے جیتا جس میں صوفی محمد عامر کے دو خوبصورت گول شامل تھے۔ دوسرا میچ جو گزشتہ روز کھیلا گیا جس میں ایونسس انسٹیٹیوٹ کی ٹیم نے پروفیسیو کی ٹیم کو 9-5 سے ہرایا۔ صوفی عامر نے خوبصورت چار گول سکور کیے۔ میچ کے آغاز سے ہی صوفی عامر نے پہلے چکر میں خوبصورت گول کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ دوسرے چکر میں صوفی عامر نے دو گول سکور کیے جبکہ چوتھے چکر میں ایک گول سکورکرکے اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ واضح رہے کہ صوفی عامر کی ٹیم پچھلے سال بھی ڈپلومیٹس چیلنج پولو کلب کا فائنل جیتی تھی۔ صوفی عامر پاکستان پولو کے واحد کھلاڑی ہیں جو یورپ کے کئی ممالک اور ارجنٹائن اور دیگر ممالک میں اچھے لیول پر پولو کھیلتے ہیں۔ فائنل میں پہنچنے پر ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ سخت محنت کا پھل ملا ہے۔ جہاں بھی پولو کھیلا ہوں اچھی اور معیاری پولو کھیلا ہوں ۔ صوفی عامر اس ٹورنامنٹ کے بعد اگلے مرحلے میں سلواکیہ میں ایک ٹورنامنٹ کھیلیں گے جس کے بعد وطن واپس آئیں گے۔