ممبئی: (ویب ڈیسک )بھارتی فلم ’باہو بلی 2‘ کے ہیرو پربھاس تیلگو فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے جب کہ وہ بالی ووڈ میں زیادہ معاوضہ لینے والے بڑے اداکاروں کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔ بھارتی ہدایت کار راج مولی کی فلم ’باہو بلی 2‘ نے دنیا بھر سے اربوں روپے کماکر نہ صرف فلمسازوں کو مالا مال کردیا بلکہ فلم کی کامیابی سے اس میں شامل اداکاروں کو بھی بے پناہ فائدہ حاصل ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے ہیرو اداکار پربھاس نے باہو بلی 2 کی کامیابی کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا معاوضہ بڑھا دیا، انہوں نے ایک اشتہار کے لیے 10 کروڑ طلب کیے تھے اور اب خبریں آرہی ہیں کہ انہوں نے اپنی فلم کا معاوضہ بھی بڑھا کر 30 کروڑ کردیا ہے جب کہ انہوں نے ’باہو بلی 2‘ کے لیے 25 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔اس طرح ’باہو بلی 2‘ کے ہیرو پربھاس نہ صرف تیلگو فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے اداکار بن گئے بلکہ وہ بالی ووڈ میں زیادہ معاوضہ لینے والے بڑے اداکاروں کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے ہیں اور اس فہرست میں صرف بالی ووڈ کے 3 خانز، ہریتھک اور اکشے کمار ہی ان سے آگے ہیں۔ابالی ووڈ کے سلطان سلمان خان اس فہرست میں 60 کروڑ کے معاوضے سے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ مسٹر پرفکشنسٹ عامر خان بھی ایک فلم کا معاوضہ 55 سے 60 کروڑ وصول کرتے ہیں تاہم بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اس سے کافی پیچھے دکھائی دیتے ہیں اگر ان کی فلموں کا تناسب نکالا جائے تو وہ ایک فلم کے 40 سے 45 کروڑ وصول کرتے ہیں، ہریتھک روشن بھی اسی معاوضے کے ساتھ کنگ خان کے ہم پلہ ہیں۔ دیگر اداکاروں میں اکشے کمار 35 سے 40 کروڑ، اجے دیوگن 25 سے 35، رنبیر کپور 20 سے 25، امیتابھ بچن 18 سے 20، رنویر سنگھ 15 سے 20، شاہد کپور 15 اور سیف علی خان 7 سے 10 کروڑ کے ساتھ اس فہرست میں بہت نیچے موجود ہیں۔بالی ووڈ حسیناو¿ں کی بات کی جائے تو فلم انڈسٹری کی ملکہ کنگنا رناوت 10 سے 12 کروڑ کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ ڈمپل گرل دپیکا پڈوکون اور کرینہ کپور 8،8 کروڑ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں دیگر اداکاراو¿ں میں پریانکا چوپڑا 7، انوشکا شرما 6 سے 8 اور سونم کپور 5 کروڑ روپے معاوضہ وصول کرتی ہیں۔