ممبئی: (ویب ڈیسک )بالی ووڈ کے ناموراداکار سنجے دت نے دھمال سیریز کی تیسری فلم ’ٹوٹل دھمال‘ میں کام کرنے سے صاف انکار کردیا۔بھارتی فلم انڈسٹری میں منابھائی کے نام سے مشہوراداکار سنجے دت کا کہنا ہے کہ وہ اب مزید دھمال سیریز کا حصہ نہیں بنیں گے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ ان کے تینوں بچے شاہران، اقرا اور ترشالا انہیں اخلاق سے گرے ہوئے مزاحیہ کرداروں میں دیکھیں جب کہ سنجے دت کے فلم میں کام کرنے سے منع کرنے کے بعد کامیڈئین اداکاررتیش دیش مکھ نے بھی فلم ’ٹوٹل دھمال‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔اس سے قبل سنجے دت 2007 اور2011 میں ریلیز ہوئی کامیاب فلم ’دھمال‘ اور ’ڈبل دھمال‘ میں اپنی اداکاری کا جادو دکھاچکے ہیں دونوں مزاحیہ فلموں میں ان کے ساتھ اداکارارشد وارسی، جاوید جعفری اور رتیش دیش مکھ نے اہم کردارادا کیا تھا۔سنجے نے فلم میں کام نہ کرنے کی ایک اور وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس مزید کسی پراجیکٹ کا حصہ بننے کیلئے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے حال ہی میں فلم ’بھومی‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی ہے جو باپ بیٹی کے جذباتی رشتے پرمبنی ہے۔واضح رہے کہ سنجے دت فلم ’بھومی‘ کے ذریعے 4 برس بعد فلموں میں واپس آرہے ہیں انہیں گزشتہ برس جیل سے رہائی نصیب ہوئی تھی جس کے بعد وہ فلم نگری میں دوبارہ اینٹری کیلئے تگ و دو میں مصروف تھے۔