لندن(ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں انگلینڈ نے بنگلا دیش کو 8 وکٹ سے شکست دے دی۔ لندن کے کیننگٹن اوول میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں بنگلا دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تمیم اقبال کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم نے جوئے روٹ اور الیکس ہیلز کی شاندار اننگز کی بدولت 48ویں اوور میں ہدف حاصل کرلیا۔انگلیڈ کی جانب سے جیس روئے اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا لیکن روئے تیسرے ہی اوور میں ایک رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد ہیلز نے جوئے روٹ کے ساتھ 159 رنز کی شراکت داری قائم کی لیکن الیکس ہیلز 5 رنز کی کمی سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے اور 95 رنز بناکر آو¿ٹ ہوگئے جس کے بعد روٹ نے کپتان مورگن کے ساتھ 143 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمنکار کروایا، روٹ 133 اور مورگن 75 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔اس سے قبل انگلش کپتان این مورگن نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا تاہم سرکار صرف 28 رنز ہی بناسکے اور تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے امرل قیس بھی 19 رنز تک محدود رہے تاہم مشفق الرحیم نے تمیم کے ہمراہ تیسری وکٹ کے لیے 166 رنز کی شراکت داری قائم کی اس دوران تمیم اقبال نے سنچری اور الرحیم نے نصف سنچری مکمل کی، تمیم 128 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جب کہ مشفق الرحیم نے 79 رنز بنائے۔ بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں شکیب الحسن 10 اور شبیر الرحمان 24 رنز بناسکے۔انگلیںڈ کی جانب سے لیام پلنکٹ نے 4 جب کہ بین اسٹوک اور جیک بال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔