مبئی:(ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کے نامور اداکار سنی دیول کے بیٹے کرن دیول بہت جلد اپنی پہلی فلم’ پل پل دل کے پاس‘ کے ذریعے بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے جارہے ہیں سنی دیول نے سوشل میڈیا پر کرن کی حوصلہ افزائی کرنے پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق سنی دیول سوشل میڈیا پر زیادہ سر گرم نہیں رہتے لیکن اپنے بیٹے کی فلم کے حوالے سے بہت پر جوش ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ انہوں نے چند روز قبل ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں وہ اپنے بیٹے کے ساتھ بیٹھے نظر آرہے ہیں، تصویر کے ساتھ انہوں نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ کرن بہت جلد اپنی پہلی فلم کے ذریعے بالی ووڈ میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔حال ہی میں انہوں نے ٹویٹر پر ایک اور تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے فیملی ممبرز ،دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے محبت بھرا پیغام دیا ہے کہ ’ا?پ سب کا کرن کی حوصلہ افزائی کرنے کا شکریہ‘۔فلم کی کہانی محبت پر مبنی ہے جس کی شوٹنگ بھارتی شہر منالی میں شروع کردی گئی ہے جبکہ فلم کا ٹائٹل دھرمیندر کی کامیاب ترین فلم ’ بلیک میل‘ کے گانے’ پل پل دل کے پاس‘ سے متاثر ہوکر رکھا گیا ہے،فلم کی ہدایت کاری کے فرائض خود سنی دیول انجام دے رہے ہیں۔واضح رہے کہ کرن دیول کے دادا دھرمیندر کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے بھی اپنے بیٹے سنی دیول کو بالی ووڈ میں لانچ کرنے کیلئے فلم ’بے تاب‘ بنائی تھی جس نے سنی دیول کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا تھا،اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا سنی دیول کا بیٹا بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنا پائے گا یا نہیں۔