ممبئی: (ویب ڈیسک )بالی ووڈ اداکارہ منیشا کوئرالہ نے اپنی شادی کے ناخوشگوار انجام کا ذمہ دار خود کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شادی میں جو بھی مشکلات آئیں اس کی قصوروار وہ خود ہیں۔منیشا نے 2010 میں نیپالی بزنس مین سمراٹ داہال سے شادی کی تھی لیکن یہ شادی زیادہ عرصے نہ چل سکی اورصرف 2 سال بعد 2012 میں اس کا اختتام طلاق کی صورت میں ہوا۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے اس ناکام شادی کے حوالے سے کھل کر بات کی اور خود کو اس کا ذمہ دار قراردیا۔منیشا کا کہنا تھا کہ شادی کے حوالے سے میرے کچھ خواب تھے لیکن بعد میں محسوس ہوا کہ میں شادی کیلئے بنی ہی نہیں، اس سارے معاملے میں کسی کی کوئی غلطی نہیں ہے ساری غلطی میری ہے۔ اگر آپ کسی رشتے میں تکلیف محسوس کررہے ہیں تو بہتر ہے کہ الگ ہوجائیں، اس طرح رشتے میں کڑواہٹ نہیں رہے گی ، میں نے شادی کرنے میں جلدی کی لیکن یہ رشتہ کامیاب نہ ہوسکا اور ٹوٹ گیا جس کے لئے میں خود کو ذمہ دار مانتی ہوں۔واضح رہے کہ جس سال منیشا اور ان کے شوہر کے درمیان علیحدگی ہوئی اسی سال انہیں کینسر کا مرض تشخیص ہوا ،جس کے باعث منیشا کوئرالہ نے طویل عرصے تک شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کیے رکھی تاہم علاج کے بعد وہ ایک بار پھر فلموں میں واپسی کررہی ہیں انہوں نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ان کا پورا زور اپنے کام اور نئی زندگی پر ہے وہ فی الحال مزید کسی رشتے میں بندھنا نہیں چاہتیں۔