لاہور (اے پی پی) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناءمیر نے کہا ہے کہ ورلڈکپ میں ساری ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ آتی ہیں۔ لڑکیوں نے بہت محنت کی ہے اچھا رزلٹ دینے کی پوری کوشش کریں گے۔ ویمن ورلڈ کپ کےلئے انگلینڈ روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ آسان نہیں ہے لیکن مجھے اپنی ٹیم پر پورا اعتماد ہے جو کہ مطلوبہ نتائج دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ قومی ویمن کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 25 جون کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔ جنوبی افریقہ سمیت ہر ٹیم کے خلاف میچ کےلئے بھرپور تیاری کی ہے۔ ہمارے لئے ٹورنامنٹ کا ہر میچ اہم ہے اور اس میں 100فی صد کارکردی دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ قومی ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے بھرپور محنت کے ساتھ تیاری کی ہے جو ورلڈ مقابلوں کے دوران نظر آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ویمن ٹیم کی تمام کھلاڑی با صلاحیت ہیں اور پاکستان کو میچ میں فتح دلاسکتی ہیں۔ انہوں نے ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کو شکست دینے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت سے جیتنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ بھارت کو ٹی ٹونٹی میں ہراچکے ہیں۔ کوشش ہوگی ورلڈکپ میں بھی ہرائیں۔ ہماری ٹیم میں میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں۔ گیارھویں آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کا انعقاد انگلینڈ کے شہر لندن میں ہوگا جو 24 جون سے 24 جولائی تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں آسٹریلوی ٹیم دفاعی چیمپیئن کی حیثیت سے شرکت کر رہی ہے جبکہ دیگر ٹیموں میں میزبان انگلینڈ، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کی سب سے کامیاب ترین ٹیم آسٹریلیا ہے جس نے اب تک 10 میں سے 6 مرتبہ ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے جبکہ تین مرتبہ انگلینڈ اور ایک مرتبہ نیوزی لینڈ کی ٹیم فاتح رہی۔ پاکستان ٹیم نے چوتھی مرتبہ ویمن ورلڈ کپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ ایونٹ کی تاریخ میں پاکستانی ٹیم کی سب سے بہترین کارکردگی 2009ءمیں نظر آئی جب پاکستان نے ایونٹ میں چھٹی پوزیشن حاصل کی۔