لاہور :(ویب ڈیسک )بھارتی فلم انڈسٹری میں سلمان خان کو ’گاڈ فادر‘ کہا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے متعدد ہیروئنوں کو بالی ووڈ میں متعارف کروا کر ان کی زندگی بدل ڈالی لیکن دوسروں کی زندگی بدلنے والے لاکھوں دلوں کی دھڑکن سلمان خان خود کیوں ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہتے ہیں،اس سوال نے سب کو بہت عرصے سے پریشان کر رکھا تھا۔حال ہی میں سلمان نے اپنے بھائی سہیل خان کے ساتھ معروف بھارتی شو ’لٹل چیمپ سیزن 6‘ میں فلم ٹیوب لائٹ کی تشہیری مہم میں شرکت کی جہاں ایک چھوٹے بچے نے ان سے سوال کیا کہ بڑا اور مہنگا گھر خریدنے کے باوجود آپ اپنے گھروالوں سے دور ایک چھوٹے سے فلیٹ میں کیوں رہتے ہیں، اس سوال کے جواب میں سلمان نے بچے کو پیار کرتے ہوئے کہا کہ اس گھر میں ان کا بچپن گزرا ہے۔سلمان خان نے کہا کہ مجھے بڑے، پرتعیش اور مہنگے بنگلے میں رہنے کی بجائے اس چھوٹے سے فلیٹ میں رہنا زیادہ پسند ہے، بچپن میں سارے بچے ہماری بلڈنگ کے نیچے بنے گارڈن میں ایک ساتھ اکھٹے ہوتے تھے اور خوب کھیلتے تھے یہاں تک کہ کبھی کبھی ہم گارڈن میں ہی سو جایا کرتے تھے، یہ بلڈنگ ہمارا گھر تھی یہاں رہنے والے تمام لوگ ایک خاندان کی طرح پیار محبت سے رہتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے بچپن میں بلڈنگ کے تمام گھروں میں ہمارے ساتھ بہت اپنائیت بھرا سلوک کیا جاتا تھا اور ہم کسی بھی گھر میں جاکر مزے سے کھانا کھا لیتے تھے۔بالی ووڈ سپر اسٹار نے کہا کہ بچپن کی بہت خوبصورت اور پیاری یادیں اس بلڈنگ اور فلیٹ کے ساتھ وابستہ ہیں اور میں انہیں ہمیشہ اپنے پاس سنبھال کر رکھنا چاہتا ہوں اس لیے میں بنگلے کی جگہ اس گھر میں رہنے کو ترجیح دیتا ہوں۔خیال رہے کہ سلمان خان ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع گیلیکسی اپارٹمنٹ میں گزشتہ 4 دہائیوں سے مقیم ہیں، ماضی میں ان کے والدین اور بھائی بہن بھی ان ہی کے ساتھ رہتے تھے تاہم وقت کے ساتھ ان لوگوں نے اپنی رہائش تبدیل کرلی لیکن سلمان خان آج بھی اسی فلیٹ میں رہتے ہیں۔