لندن(بیورو رپورٹ)برطانیہ میں 130اماموں نے لندن میں تین روز قبل 7معصوم شہریوں کا قتل کرنے والے حملہ آوروں خرم شہزاد بٹ اور راشد ردوان کا نماز جنازہ پڑھنے سے انکار کردیا جبکہ علماءکرام کا کہنا ہے کہ بے گناہوں کو مارنا اسلام اور پیغمبرمحمد کی تعلیمات کیخلاف ہے،شدت پسندی کے خلاف لڑیں اور اسلام سے متعلق گمراہ کن بیانیے کو ختم کرینگے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 130اماموں اورمذہبی رہنماﺅں کے گروہ نے لندن حملہ آوروں کی نماز جنازہ پڑھنے سے انکار کردیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر ہر قسم کے مسلمان کے لیے نماز جنازہ کرائی جاتی ہے لیکن وہ حملہ آوروں کی آخری رسومات میں حصہ نہیں لیں گے ۔سوشل میڈ یا پر سامنے آنے والے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام نے اخلاقی اصولوں کو اعلی درجے پر رکھا ہے اور ان اصولوں کے مطابق ہم غدار حملہ آوروں کی آخری رسومات ادا نہیں کر سکتے ۔
