برمنگھم(آئی این پی) قومی کر کٹ ٹیم کے آل راﺅنڈر عماد وسیم نے کہا ہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف فتح سے پاکستان نہ صرف ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی امیدیں ایک مرتبہ پھر سے زندہ ہوئی بلکہ پاکستان نے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا کہ وہ ناقابل یقین ٹیم ہے۔ ٹیم سری لنکا کے خلاف بالکل بھی ایسے نہیں کھیلے گی جیسے بھارت کے خلاف کھیلے۔ اپنے ایک بیان میں عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میں پہلے بھی یہ کہہ چکا ہوں کہ ہم کسی بھی دن کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ ہم جیتیں یا ہاریں یہ الگ بحث ہے بس ہمیں ضرورت اس بات ہے کہ ہم ہرمرتبہ اس طرح کارکردگی کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے بھارت کے خلاف بھی ایسی ہی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے تو چاہے نتیجہ جیسا بھی ہوتا آپ کو فرق ضرور محسوس ہوتا۔ جس طرح لڑکوں نے بالنگ اور فیلڈنگ کی وہ بہت ہی عمدہ تھی۔ اگر ہم اسی جوش سے کھیلتے رہے تو اور سست نہ ہوئے تو ہم یقینا ایک مختلف ٹیم نظر آئیں گے۔ یاد رہے پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے اپنے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 220 رنز کا ہدف دیا تھا۔ قومی ٹیم نے 27 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 119 رنز بنائے تھے کہ بارش کی مداخلت کے باعث میچ کو روکنا پڑا ۔ میچ کے دوبارہ شروع نہ ہونے پر ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان نے 19 رنز سے کامیابی سمیٹی اور 2 پوائنٹس حاصل کیے۔ پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کی کڑوی گولی نگلنا پڑی تھی۔