ممبئی: (ویب ڈیسک )بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان اور خوبرو اداکارہ انوشکا شرما کی نئی فلم ”جب ہیری میٹ سیجل“ کے پوسٹر جاری کردئیے گئے ہیں۔ فلم رواں سال 4 اگست کو ریلیز کی جائے گی۔شاہ رخ خان اور انوشکا شرما ایک ساتھ 2008 میں فلم ”رب نے بنادی جوڑی“ اور 2012 میں ”جب تک ہے جاں“ میں کام کرچکے ہیں۔ دونوں فلمیں باکس آفس پر کامیاب رہی تھیں جبکہ بالی ووڈ کی یہ سپر ہٹ جوڑی ایک بار پھر نامور ہدایت کار امتیاز علی کی فلم ”جب ہیری میٹ سیجل“ میں جلوہ گر ہونے جارہی ہے۔فلم کے پہلے دو پوسٹرز گزشتہ روز جاری کیے گئے ہیں۔ دونوں پوسٹرز میں انوشکا اور شاہ رخ موج مستی کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ فلم کا نام امتیاز علی کی سپر ہٹ فلم ”جب وی میٹ“ سے متاثر نظر آرہا ہے۔ یاد رہے کہ امتیاز علی کی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ”جب وی میٹ“ نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے تھے۔ فلم میں شاہد کپور اور کرینہ کپور کی اداکاری کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا گیا تھا۔نئی فلم ”جب ہیری میٹ سیجل“ فلم میں شاہ رخ پنجابی گائیڈ اور انوشکا گجراتی لڑکی کا کردار ادا کرہی ہیں۔ فلم کی شوٹنگ بھارتی پنجاب اور پیراگوئے میں کی گئی ہے۔یاد رہے کہ بالی ووڈ کو متعدد سپر ہٹ فلمیں دینے والے ہدایت کار امتیاز علی کی شاہ رخ خان کے ساتھ یہ پہلی فلم ہے۔ انہوں نے شاہ رخ کے ساتھ کام کے تجربے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا: ”میں ان کے ساتھ کام کرنا چاہتا تھا کیونکہ ہم دونوں ایک ساتھ کچھ الگ کرنا چاہتے تھے؛ کچھ ایسا جو ہم نے پہلے کبھی نہیں کیا۔“یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ ”جب ہیری میٹ سیجل“ کی کہانی میں ایسا کونسا نیا پن ہے جو اسے امتیاز علی کی کامیاب فلم ”جب وی میٹ“ سے الگ اور منفرد ثابت کرے گا۔