مبئی:(ویب ڈیسک ) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان اسکول میں فٹبال کھیلتے ہوئے شدید زخمی ہو گئے اور چہرے پر آنے والی شدید چوٹوں کے باعث ڈاکٹرز نے انہیں سرجری کا مشورہ دے دیا۔شاہ رخ خان کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے، نہ صرف بھارت میں بلکہ بیرون ملک بھی ان کے چاہنے والے کروڑوں کی تعداد میں ہیں تاہم اداکار ہونے سے پہلے شاہ رخ ایک محبت کرنے والے والد بھی ہیں جو اپنے تینوں بچوں (آریان، سہانا اورابرام) کا بے حد خیال رکھتے ہیں اور ان پر کوئی بھی آنچ نہیں آنے دیتے۔اس کا واضح ثبوت حال ہی میں شاہ رخ کا بھارت کے اہم ترین آئیفا ایوارڈز میں آریان کی خراب صحت کے باعث شرکت نہ کرنا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان خان اسکول میں فٹبال کھیلتے ہوئے اپنی ناک تڑوا بیٹھے اور ان کے چہرے پر شدید چوٹیں آئیں، یہ سنتے ہی شاہ رخ بے قرار ہوگئے اور تمام کام چھوڑ کر فوراً پہلی فلائٹ پکڑ کر کیلی فورنیا روانہ ہو گئے، ان کی بے چینی سے صاف ظاہر تھا کہ ان کی زندگی میں ان کے بچوں سے بڑھ کر اور کچھ نہیں۔حادثے کے بعد آریان کو فوراً اسپتال لے جایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی تاہم ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی ناک کی سرجری کروانا پڑے گی تاکہ چہرہ خراب نہ ہو۔ رپورٹ کے مطابق شاہ رخ اپنے بیٹے کے مشکل وقت میں سرجری کے دوران اس کے ساتھ ہی رہیں گے اور اس کیلئے انہوں نے اپنے طے شدہ تمام معاہدوں کو پس پشت ڈال دیا ہے، جن میں آئیفا ایوارڈز بھی شامل ہیں جہاں انہیں پرفارم بھی کرنا تھا۔واضح رہے کہ آریان ان دنوں امریکا میں اعلیٰ تعلیم مکمل کر رہے ہیں جبکہ پڑھائی کے ساتھ وہ فلم میکنگ کا کورس بھی کر رہے ہیں، شاہ رخ اپنے بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ان کے تینوں بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں۔