تازہ تر ین

دیہاتیوں کیلئے بڑی خوشخبری

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں دیہی علاقوں میں کوڑا کرکٹ اٹھانے اور سینیٹیشن کے پروگرام کے امور کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران پینے کے صاف پانی کے پروگرام کے امور پر بھی غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے دیہات کو صاف ستھرا بنانے کا بڑا پروگرام ترتیب دیا ہے اور یہ پروگرام پاکستان میں پہلی بار شروع کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہات کی شکل بدل جائے گی اور دیہات بھی شہروں کی طرح صاف ستھرے نظر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں رہنے والوں کو بھی صفائی کی وہی سہولتیں دیں گے جو شہروں میں دے رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت صفائی کا نظام یونین کونسل تک لے جایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیہی سالڈ ویسٹ اور سینیٹیشن کا پروگرام اپنی نوعیت کا منفرد اور مفاد عامہ کا ایک اچھوتا پروگرام ہے۔ اس پروگرام کو رول ماڈل کے طور پر آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے پیشہ ورانہ ہیومن ریسورس کا انتخاب کیا جائے اور میں ذاتی طور پر اس پروگرام کی نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 15 ارب روپے کی خطیر رقم رکھی گئی ہے۔ یہ پروگرام شروع ہونے سے دیہات سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا بہترین نظام سامنے آئے گا،اپنی قوم اور معاشرے کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہے اور شہروں کے ساتھ دیہات کو صاف کرنا ہمارا عزم ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے پروگرام کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا۔ حکومت جنوبی پنجاب کی تمام تحصیلوں میں یہ پروگرام شروع کر رہی ہے۔ آئندہ مالی سال میں صاف پانی پروگرام کیلئے 25 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر عملدرامد سے گندے پانی سے پھیلنے والے امراض کی روک تھام میں مدد ملے گی اور یہ منصوبہ انسانی صحت کے حوالے سے ایک انقلاب آفرین منصوبہ ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف اور سہولتوں کی فراہمی پاکستان مسلم لیگ(ن) کاایجنڈاہے۔ اربوں روپے کے وسائل عوام کو ریلیف کی فراہمی کے پروگراموں پر صرف کئے جا رہے ہیں۔ محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے ایسے پروگرام جاری ہیں جن کی پاکستان کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی عوام کو اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیاگیاہے۔ 9ارب روپے کے تاریخی رمضان پیکیج سے صوبے کے عوام کو ریلیف مل رہاہے اور صرف سستے آٹے کی فراہمی پر 8ارب 78کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران عام بازاروں میں بھی سبز رنگ کے تھیلے میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ صوبے بھر کے عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، چوہدری منظور احمد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بورے والا کے قریب ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain