لاہور: ( نیوزایجنسیاں) پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی اور بلے باز بابر اعظم کو چیمپئنز ٹرافی میں بہترین پرفارمنس کا پھل مل گیا، فاسٹ بولر رینکنگ میں ساتویں جبکہ نوجوان بیٹسمین نے پانچویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔تفصیلات کےمطابق منی ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی محنت رنگ لے آئی، ٹورنامنٹ کی ٹرافی کیساتھ رینکنگ میں ترقی کا تحفہ بھی مل گیا، فاسٹ بولر حسن علی بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ کر ون ڈے رینکنگ میں ساتویں نمبر کے بولر بن گئے ہیں۔ٹاپ آرڈربلے باز بابراعظم کو 8 ویں سے 5 ویں پوزیشن پر ترقی مل گئی، بلے بازوں کی رینکنگ میں اظہر علی 31 ویں، کپتان سرفراز احمد 32 ویں نمبر پر ہیں، چیمپینز ٹرافی فائنل کے ہیرو فخر زمان کا تازہ عالمی رینکنگ میں 97 واں نمبر ہے۔آل راو¿نڈر محمد حفیظ بھی بیٹنگ کے شعبے میں ترقی کیساتھ ٹاپ 20 میں شامل ہو گئے۔واضح رہے ون ڈے رینکنگ میں پاکستان نے چھٹی پوزیشن بھی حاصل کر لی۔ چیمپئنز ٹرافی سے قبل قومی ٹیم صرف آٹھویں نمبر پر ہی نہیں تھی بلکہ ورلڈ کپ 2019ء میں ڈائریکٹ کوالیفائی کرنے کے لئے “اگر مگر” کا بھی شکار تھی۔ تاہم بھارتیوں کو بدترین شکست سے دوچار کر کے ٹیم پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کی پہلی ہار سمیت پچھلے سارے بدلے اتار دیئے۔ ساتھ ہی آئی سی سی کے تینوں ٹائٹلز ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی دنیا کی چوتھی ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان سے پہلے یہ اعزاز بھارت، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے پاس تھا۔