لندن (آئی این پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ (آج)ہفتہ سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ افتتاحی روز 2 میچ کھیلے جائیں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم سری لنکا سے نبرد آزما ہوگی جبکہ دوسرا میچ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق میگا ایونٹ میں انگلینڈ، آسٹریلیا، پاکستان، نیوزی لینڈ، بھارت، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم سات لیگ میچ کھیلے گی اور چار ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ (کل) اتوار کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی، دوسرا میچ 27 جون کو انگلینڈ، تیسرا 2 جولائی کو بھارت، چوتھا 5 جولائی کو آسٹریلیا، پانچواں 8 جولائی کو نیوزی لینڈ، چھٹا 11 جولائی کو ویسٹ انڈیز جبکہ ساتواں اور آخری میچ 15 جولائی کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 18 جولائی، دوسرا 20 جولائی جبکہ فائنل 23 جولائی کو کھیلا جائے گا۔